تلنگانہ۔ آندھرا باہمی مسائل حل کرنے گورنر کی سعی

حیدرآباد ۔ 30جنوری ( سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد دونوں تلگو ریاستوں کے مابین پائے جانے والے بعض مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں گورنر تلنگانہ و آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے مداخلت کا تہیہ کیا ہے ۔ لہذا گورنر نے یکم فبروری کو راج بھون میں آندھراپردیش و تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے وزراء و اعلیٰ عہدیداروں کو تبادلہ خیال کیلئے خصوصی طور پر مدعو کیا ہے ۔ سمجھا جاتا ہیکہ وہ موضوعاتی اساس پر تفصیلی بات چیت کریں گے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ریاست آندھراپردیش سے وزیر فینانس مسٹر وائی راما کرشنوڈو اور وزیر محنت و روزگار مسٹر کے اچن نائیڈو شرکت کریں گے ‘ جبکہ ریاست تلنگانہ سے وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ ‘ وزیر توانائی مسٹر جگدیش ریڈی ‘ شمیر حکومت مسٹر ویویک مذکورہ اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ بتایا جاتا ہیکہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئے ہوئے زائد از ڈھائی سال کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن اب تک کئی ایک مسائل حل نہیں ہوسکے ۔ لہذا ان مسائل کوقانونی نقطہ نظر کی روشنی میں حل کرنے کے مقصد سے 9 اور 10 شیڈول سے تعلق رکھنے والے موضوعات ( اُمور) املاک کی تقسیم ‘ ہائیکورٹ کی تقسیم جیسے مسائل پر اس اجلاس میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔