تعلیمی امداد کیلئے کمیٹی میں اقلیتی بہبود کے عہدیدار کی عدم شمولیت کا مسئلہ چیف منسٹر سے رجوع

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی کے سی آر سے نمائندگی ، غریب طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کا اعادہ
حیدرآباد۔/31جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے غریب اور مستحق طلبہ کو پیشہ ورانہ کورسیس میں تعلیم سے متعلق تعلیمی امداد کی اسکیم کے رہنمایانہ خطوط وضع کرنے کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی میں محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیدار کی عدم شمولیت کا مسئلہ چیف منسٹر سے رجوع کیا گیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمود علی نے آج اس مسئلہ پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اور چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کی توجہ مبذول کرائی۔ جناب محمود علی نے چیف منسٹر سے کہا کہ تلنگانہ طلبہ کو تعلیمی امداد سے متعلق نئی اسکیم FAST پر عمل آوری کے سلسلہ میں پانچ اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جن میں ایس ٹی، بی سی اور ایس سی محکمہ جات کے پرنسپال سکریٹری شامل کئے گئے ہیں جبکہ محکمہ اقلیتی بہبود کے سکریٹری کو شامل نہیں کیا گیا حالانکہ اس اسکیم کے استفادہ کنندگان میں اقلیتی طلبہ کی قابل لحاظ تعداد موجود ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے سکریٹری اقلیتی بہبود کی بحیثیت رکن کمیٹی میں شمولیت کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتی طلبہ کے مسائل کے سلسلہ میں وہ بہتر نمائندگی کرسکتے ہیں۔ اس کمیٹی میں اعلیٰ تعلیم، پنچایت راج، جی اے ڈی اور قانون محکمہ جات کے سکریٹریز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ حکومت نے کمیٹی کی تشکیل سے متعلق جی او کل جاری کیا تھا۔ تعلیمی سال 2014-15میں فاسٹ اسکیم پر عمل آوری کیلئے قواعد و ضوابط کو یہ کمیٹی طئے کرے گی۔ خاص طور پر 1956ء سے تلنگانہ میں قیام سے متعلق رہائشی صداقتنامے کی اجرائی کے سلسلہ میں طریقہ کار کو طئے کیا جائے گا۔ جناب محمود علی نے بتایا کہ چیف منسٹر اور چیف سکریٹری نے ان کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے سکریٹری اقلیتی بہبود کو بھی کمیٹی میں شامل کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ غریب اور مستحق اقلیتی طلبہ کو تعلیمی فیس کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 1956ء سے تلنگانہ میں قیام کی شرط سے تلنگانہ کے طلبہ متاثر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مقامی طلبہ کو یہ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ جناب محمود علی نے کہا کہ حکومت تمام مستحق اور غریب اقلیتی طلبہ کو اس سہولت کی فراہمی میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے طلبہ جو کورسیس کے درمیانی حصہ میں ہیں انہیں پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ وہ بہت جلد حج ہاوز کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کے انتظامات اور مینٹننس کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حج سیزن 2014کے پیش نظر حج کیمپ کے بہترین انعقاد کو یقینی بنانے حکومت درکار فنڈز جاری کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ حج کیمپ کے انتظامات اور کیمپ کے موقع پر حج ہاوز میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کریں گے۔ وہ شہر کی مذہبی شخصیتوں کے ساتھ اجلاس میں حج کیمپ کے انتظامات کے سلسلہ میں تجاویز حاصل کریں گے۔