تعلیمات نبویؐ پر عمل پیرا ہونے پر مسلمانوں کے ہر مسئلہ کا حل ممکن

جامع مسجد محمدی سکندرآباد میں مفتی محمد مستان علی قادری کا خطاب
حیدرآباد۔/26اپریل، ( راست ) جامع مسجد محمدی ساؤتھ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعۃ المومنات نے کہاکہ قرآن مجید میں انگور کا ذکر گیارہ مرتبہ آیا اور ہر جگہ اسے بہترین پھل اور پرہیزگاروں کیلئے انعام کے طور پر ذکر فرمایا گیا۔ حضور اکرم ؐ کی خدمت میں منقہ ( کشمش ) کا تحفہ پیش کیا گیا حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے اپنے ہاتھوں میں لے کر فرمایا اسے کھاؤ کہ یہ بہترین کھانا ہے یہ تھکن کو دور کرتا ہے، غصہ کو ٹھنڈا اور اعصاب کو مضبوط کرتا ہے۔ چہرے کو خوبصورت، بلغم کو نکالتا اور چہروں کی رنگت کو نکھارتا ہے۔ خطرناک بیماریوں کا غذاؤں کے ذریعہ علاج موجود ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اپنے دستر خوان کو سبز چیزوں سے زینت دیا کرو اس لئے کہ سبز چیز اللہ کے نام کی برکت سے شیطان کو دوررکھتی ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کھیرے کو نمک کے ساتھ تناول فرماتے تھے، یہ کیلثیم پیدا کرتا ہے، کمزور کرنے والی رطوبت خارج ہوتی ہے۔ روزانہ صبح 6تا5 بجے شام کثرت سے کھیرا استعمال کرنے سے صحت یاب ہوسکتے ہیں۔ بخاری شریف و مسلم شریف میں مذکور ہے۔ اللہ کے رسولؐ نے فرمایا کوئی بھی مسلمان ایک درخت یا پودہ لگائے یا کھیت میں بیج بوئے پھر اس میں پرندے یا انسان یا جانور جو کھاتے ہیں وہ اس کی طرف سے صدقہ ہے۔ پھلوں میں انار بہت اعلیٰ ترین غذا ہے جیسا کہ حضرت عبداللہ بن عباس ؓ سے مرفوعا روایت ہے تمہارا یہ انار جہاں کہیں بھی ہے یہ جنت کے دانہ سے قلم لگایا ہوا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اعلیٰ ترین سالن نمک ہے اس سے سینکڑوں فائدے ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا صبح کی چہل قدمی اور شام کی چہل قدمی اور رات کی کچھ چہل قدمی سے مدد لو، چہل قدمی سے دوران خون بہتر اور صحت بھی بہتر ہوگی۔ بھوک سے زیادہ کھانے والے کو اللہ تعالیٰ نفرت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ کھانے میں عیب نہ نکالیں اس سے میزبان کو سخت صدمہ پہنچتا ہے۔ ہاتھ، منہ دھونا، غربت کو دور کرتا ہے اور کھانے کے بعد ہاتھ منہ دھونا موٹاپے کو دور کرتا ہے۔ تم میں بہترین وہ ہے جو دوسروں کو کھانا کھلاتا ہے۔ روایت ہے کہ کھانے کے بعد مسواک کرنے سے دو کمسن غلاموں کو آزاد کرنے کا ثواب لکھا جاتا ہے۔ مسواک کے ستر فائدے ہیں، ایک یہ بھی ہے کہ مرتے وقت زبان پر کلمہ نصیب ہوتا ہے۔ مولانا نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیمات نبویؐ پر عمل پیرا ہوں تو مسلمانوں کے تماممسئلے حل ہوجاتے ہیں۔