تشفی بخش جواب بچے کی تربیت کا اہم حصہ

ایک ماںکیلئے بچوں کی تعلیم و تربیت ایسا اہم مرحلہ ہے جس پر اسے تمام باتوں سے بڑھ کر توجہ دینی پڑتی ہے۔ اس کیلئے ماں کا ہمہ وقت بچوں سے بات چیت کرتے رہنا اور ان کے مسائل سے آگاہ رہنا ضروری ہے۔

بچے کو کوئی مسئلہ درپیش ہو یا کسی معاملے میں اسے آپ کی رائے درکار ہو تو چاہے آپ کتنی ہی مصروف کیوں نہ ہوں لیکن بچے کی بات سننے کیلئے ضرور وقت نکالیں ۔ اسے ٹالنے یا بہلانے کے بجائے اس کے مسئلہ پر دھیان دیں اور اگر فوری طور پر آپ کی سمجھ میں نہ آئے کہ بچے کو کیا جواب دیا جائے تو اس سے کچھ وقت مانگ لیں، پھر اپنے شوہر، گھر کے کسی اور فرد سے مشورہ کرکے بچے کو تشفی بخش جواب دینے کی کوشش کریں۔ کیونکہ یہ عمل بھی بچے کی تربیت کا ایک اہم حصہ ہے۔ ایک اچھی ماں کی طرح اپنا کردار نبھائیں اور بچوں کی چھوٹی سے چھوٹی بات کو بھی غیر اہم سمجھ کر نظر انداز نہ کریں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بچوں کی بظاہر غیر اہم باتوں کے پیچھے کبھی کوئی نہ کوئی کام کی بات چھپی ہوتی ہے۔ اپنے تیز مشاہدہ کے باعث وہ بہت سی باریک باتوں کو بھی نوٹ کرلیتے ہیں اور پھر ماںسے ان کی تصدیق چاہتے ہیں۔