تریپورہ میں فہرست رائے دہندگان میں زائد از 30,000 ووٹرس کا اندراج

اگرتلہ۔/7جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) تریپورہ میں رائے دہندوں کی قطعی فہرست میں مزید 30,000 ناموں کا اندراج عمل میں آیا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر اشوتوش جندال نے یہ بات اس وقت بتائی جب انہوں نے قطعی فہرست رائے دہندگان کی رسم اجرائی انجام دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کے عمل کے دوران 54,792 ووٹرس کے نام شامل کئے گئے جبکہ24,202 ناموں کو حذف بھی کیا گیا۔ لہذا مجموعی طور پر جتنے ووٹرس کو قطعی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ان کی تعداد 30,590 ہے

جو نظرثانی شدہ ہے اور یکم جنوری 2014ء سے کارکرد کہلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرس کی تعداد میں1.30 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر کا یہ بھی کہنا ہے کہ قطعی فہرست میں کچھ ناموں میں ہجے یا پتہ کی غلطیاں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے سیاسی پارٹیوں کے علاوہ فرداً فرداً تمام ووٹرس سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کے نام یا پتہ میں کوئی غلطی ہے تو فوری طور پر متعلقہ افسران سے ملاقات کرکے اس کی درستگی کروالیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ ذمہ داری ماہ فبروری تک پوری کرلی جائے۔

گجرات فسادات ، مودی کے داغ مٹانے بی جے پی کی کوشش
نئی دہلی ۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی کے خلاف عائد الزامات کو بھلانے کی کوشش کے طور پر بی جے پی نے آج کہا کہ گودھرا ٹرین واقعہ کے بعد جھوٹا پروپگنڈہ کیا گیا۔ گجرات چیف منسٹر نے مبینہ طور پر ریمارکس کیا تھا کہ 2002ء کے فسادات دراصل عمل کا ردعمل ہے اور انہوں نے مبینہ طور پر ہندوؤں کو حکم دیا تھا کہ وہ اپنی برہمی کا اظہار کریں لیکن یہ پروپگنڈہ اب بے نقاب ہوگیا ہے جو مسترد کیا جاچکا ہے۔ ارون جیٹلی نے اپنے ویب سائیٹ پر جاری کردہ تازہ ترین بلاگ میں ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ گودھرا واقعہ کے بعد مودی کے خلاف ایک منظم سازشی مہم چلائی گئی تھی جو ناکام ہوگئی کیونکہ جھوٹ پر مبنی تھی۔ جیٹلی نے جسٹس یو سی بنرجی کمیشن رپورٹ کو بھی مسترد کردیا۔