ترکی میں فوج پر سیول اتھاریٹی کی گرفت مضبوط

استنبول ۔ /31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر ترکی رجب طیب ارذغان نے نیا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے مسلح فورسیس پر سیول اتھاریٹی کی گرفت مزید مضبوط کردی ہے ۔ ملک میں ناکام بغاوت کے بعد تین ماہ کی ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا اور اب تک یہ تیسرا صدارتی حکم نامہ ہے۔جس میں 1389 فوجی ارکان بشمول اردغان کے چیف ملٹری اڈوائزر کی معزولی کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اب فوجی کمان راست وزارت دفاع کے تحت ہوگی ۔ اسی طرح تمام فوجی ہاسپٹلس وزارت صحت کے تحت ہوں گے اور سپریم ملٹری کونسل کو بھی وسعت دی گئی ہے ۔ جن میں نائب وزرائے اعظم کے علاوہ وزرائے انصاف خارجہ اور داخلہ شامل رہیں گے ۔ سرکاری گزٹ میں شائع اس حکمنامہ کے مطابق تمام فوجی اسکولس ، تعلیمی ادارے اور نان کمیشن آفیسرس کے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کے علاوہ نئی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کو بند کردیا گیا ہے ۔ ناکام فوجی بغاوت کے بعد اب تک 10 ہزار سے زائد افراد جن میں اکثریت فوجی عملہ کی ہے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ہزاروں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔