ترکی میں انتخابی مہم ختم ، پھر مخلوط حکومت کا امکان

استنبول ۔ 31  اکٹوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ترکی میں رواں برس کے دوران ہونے والے دوسرے عام انتخابات کے لئے انتخابی مہم آج ختم ہو گئی ہے۔ ترک سیاسی پارٹیوں نے ووٹرز کو اپنے حق میں ووٹ ڈالنے کے لئے نئی ترغیبات دیں ہیں۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق گزشتہ 13 برسوں سے حکمران جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (AKP) کو اس بار پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل ہونے کا امکان کم ہے اور انتخابی نتائج جون کے الیکشن جیسے ہو سکتے ہیں۔ اِن جائزوں کے مطابق صدر رجب طیب اردغان کی سیاسی پارٹی کو 40 سے 43 فیصد کے درمیان ووٹ حاصل ہونے کی امید ہے۔ ترکی میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 54 ملین کے قریب ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ حکمران جماعت کو حکومت سازی کے لئے مخلوط حکومت سازی کے لئے مفاہمت کرنی ہو گی۔حالانکہ گزشتہ انتخابات میں بھی ایسی ہی صورتحال پیدا ہوئی تھی اور مخلوط حکومت تشکیل دینے کی لمحہ آخر تک کوشش کامیاب نہ ہوسکی جس کی وجہ سے ملک میں فوری طورپر پھر انتخابات منعقد کرائے جارہے ہیں۔