ترکی سرحد سے شام میں گھسنے کی کوشش

بنگلورو ۔ 31 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ترکی کے حکام نے بنگلور سے سیاحتی ویزا پر استنبول پہنچنے والے 9 افراد کو ملک واپس بھیج دیا ۔ وہ شام میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے ۔ پولیس نے کہا کہ اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہے کہ کیا ان کے دہشت گروپ داعش سے کوئی روابط تھے ۔ بنگلورو سٹی پولیس کمشنر ایم این ریڈی نے بتایا کہ یہ تمام انفرادی طور پر 24 دسمبر کو ٹورسٹ ویزا پر استنبول پہنچے انہیں ترکی کے حکام نے 30 جنوری کو ہندوستان واپس بھیج دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلورو ایرپورٹ پہونچنے کے بعد پولیس نے مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ ان تمام 9 افراد سے انفرادی طور پر پوچھ تاچھ کی اور ان کے دورہ ترکی کے بارے میں تمام تفصیلات سے واقفیت حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے راستے ملک شام جانے کی کوشش اور اس کے پس پردہ محرکات کا پتہ چلایا جارہا ہے ۔ یہ بھی معلوم کیا جارہا ہے کہ کیا وہ داعش میں شمولیت کا منصوبہ رکھتے تھے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ ترکی کے حکام نے ان تمام کو انفرادی طور پر اس وقت گرفتار کیا جو وہ ترکی سرحد سے شام میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے ۔ ان کی محمد عبدالاحد ( 46 سال ) اور ارکان خاندان جن میں اہلیہ اور 5 بچے ساکن چینائی ، جاوید بابا ( 24 سال ) کھمم ( تلنگانہ ) اور ابراہیم نوفل ( 24 سال ) ہاسن ( کرناٹک ) کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔۔