تروپتی و وجئے واڑہ ائرپورٹس کو ترقی دینے کا فیصلہ

حیدرآباد 31 مئی ( این ایس ایس ) حکومت آندھرا پردیش نے فیصلہ کیا ہے کہ تروپتی اور وجئے واڑہ کے ائرپورٹس کو انٹرنیشنل ائرپورٹس کے طرز پر ترقی دی جائے تاکہ ریاست کی تیز رفتار معاشی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے اور عالمی سطح پر ریاست کو بہتر مقام مل سکے ۔ کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی مداخلت پر مرکزی حکومت نے وجئے واڑہ ‘ تروپتی اور وشاکھاپٹنم ائرپورٹس کو توسیع دینے اور اس کیلئے درکار اراضی حاصل کرنے کے اخراجات برداشت کرنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ چیف سکریٹری آندھرا پردیش آئی وائی آر کرشنا راؤ نے اس سلسلہ میں سی ای او اینی آیوگ حکومت ہند کو ایک مکتوب بھی روانہ کیا تھا اور وجئے واڑہ ‘ تروپتی و وشاکھاپٹنم ائرپورٹس کو توسیع و ترقی دینے کی تجاویز روانہ کی تھیں۔ مرکزی وزیر شہری ہوابازی نے ریاستی حکومت اور تروملا تروپتی دیواستھانم سے کچھ اطلاعات فراہم کرنے کی درخواست بھی کی ہے ۔ مختلف امور پر غور کرنے کے بعد مرکزی حکومت نے ان ائرپورٹس کو انٹرنیشنل ائرپورٹس کے طرز پر ترقی دینے کی تجویز سے اتفاق کرلیا ہے ۔ مرکزی حکومت آندھرا پردیش کی بندرگاہوں کو بھی ترقی دینے کی تجویز پر غور کر رہی ہے تاکہ بندرگاہی صنعت میں ریاست کو بہتر مقام دلایا جاسکے ۔