تروپتی میں آئندہ ماہ کل ہند اسٹوڈنٹ فیڈریشن کی قومی کانفرنس

ملک کو درپیش خطرات سے نمٹنے حکمت عملی ، ڈاکٹر کے نارائنا کے ہاتھوں پوسٹر کا رسم اجراء
حیدرآباد۔30جولائی(سیاست نیوز)کل ہند اسٹوڈنٹ فیڈریشن کی مجوزہ 80ویںتین روزہ قومی کانفرنس کا 11تا13اگست تروپتی میں منعقد ہوگی ۔ مذکورہ کا نفرنس کی استقبالیہ کمیٹی کے صدر وسینئر کمیونسٹ قائد ڈاکٹر کے نارائنا نے تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ قومی سطح پر بڑھتی فرقہ پرستی بالخصوص تعلیمی نصاب میں زعفرانی زہر گھولنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کی حکمت عملی مجوزہ کانفرنس میں تیار کی جائے گی ۔ مسٹر کے نارائنا نے تیزی کے ساتھ بڑھتی فرقہ پرستی کو ملک کی جمہوریت کے سنگین خطرہ قراردیا۔ قومی سطح پر فرقہ پرستوں کے حوصلوں میں اضافہ کا مرکز کی نریندر مودی حکومت کو ذمہ دار قراردیا۔ اے آئی ایس ایف کی کانفرنس میںملک کو درپیش خطرات کے مقابلے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ ممتاز سماجی جہدکار تیستا ستلواد کے علاوہ مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے پروفیسرس اور دانشورشرکت کریں گے۔ ملک کی مختلف ریاستوں سے اے آئی ایس ایف قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد بھی مجوزہ کانفرنس میںشریک رہے گی۔ سابق ریاستی وزیر ٹاملناڈوبی وشوارام نے خطاب کرتے ہوئے مجوزہ کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لئے اے آئی ایس ایف کے علاقائی اور قومی کیڈر کو سنجیدگی کے ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیا۔اس موقع پر ڈاکٹر کے نارائنہ نے اے آئی ایس ایف کی مجوزہ کانفرنس کے پوسٹرس کی بھی اجرائی عمل میںلائی۔بی وشوارام‘ قومی صدر اے آئی ایس ایف سید ولی اللہ قادری‘ جنرل سکریٹری وشواجیت کمار ‘ بائی انا اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔