ترنمول کانگریس کے 40 ایم ایل ایزمجھ سے رابطہ میں: وزیر اعظم

دیدی کیلئے دلی ابھی دور ہے ۔ نریندر مودی کا ادعا ۔ کیا یہ ارکان کی خرید و فروخت نہیں ہے ؟ کانگریس
سری رامپور (مغربی بنگال) ۔ 29 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج دعویٰ کیا کہ 40 ترنمول کانگریس ارکان اسمبلی اُن سے ربط پیدا کئے ہوئے ہیں اور اگر بی جے پی عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرلے تو وہ اپنی پارٹی سے ترک تعلق کردیں گے۔ انھوں نے ترنمول سربراہ ممتا بنرجی پر اقرباء پروری کا الزام عائد کیااور کہاکہ وہ چاہتی ہیں کہ وہ سیاسی اعتبار سے مغربی بنگال میں اپنے بھتیجے ابھیشیک کو مسلمہ حیثیت دلانا چاہتی ہیں ۔ ابھیشیک فی الحال ڈائمنڈ ہاربر کے رکن پارلیمنٹ اور اسی نشست سے ترنمول اُمیدوار ہیں۔ انھوں نے ممتا بنرجی کا مذق اُڑاتے ہوئے کہاکہ مٹھی بھر نشستوں کے ساتھ دیدی دہلی نہیں پہنچ سکتیں۔ دلی ابھی دور ہے ۔ دلی پہنچنے کے خواب کو بہانا نہیں بنایا جاسکتا ۔ ان کا حقیقی عزم اپنے بھتیجے کو سیاسی مقام دلوانا ہے ۔ اپوزیشن کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ حریفوں نے ہمیشہ اُن پر تنقید کی ہے لیکن اب ای وی ایم پر بھی تنقید کررہے ہیں ۔ اس دوران کانگریس نے آج مودی پر تنقید کی اور سوال کیا کہ کیا ترنمول کے 40 ارکان اسمبلی کے رابطے میں رہنے مودی کا دعوی ارکان کی خرید و فروخت نہیں ہے ؟ ۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجیوالا نے کہا کہ خود مودی نے دعوی کیا کہ 40 ترنمول ارکان ان سے رابطے میں ہیں۔ کیا یہ ارکان کو لالچ دینا نہیںہے ۔ کیا یہ ارکان کی خرید و فروخت سے متعلق کھلی بات چیت نہیں ہے ۔ کیا اس سے پتہ نہیں چلتا کہ بی جے پی سیاسی طور پر دیوالیہ ہوگئی ہے ؟ ۔