ترنمول تیسری بڑی جماعت بن کر ابھرے گی : ممتابنرجی کا یقین

کولکتہ 13 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے رام لیلا میدان کی ریلی ناکام ہونے کے باوجود چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج ادعا کیا کہ انتخابات کے بعد ان کی پارٹی تیسری بڑی پارٹی بن کر ابھریگی اور وہ قومی سیاست میں اہم رول ادا کریگی ۔ ممتا بنرجی نے دہلی سے واپسی پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کانگریس اور بی جے پی دو بڑی جماعتیں ہیں۔ اب ترنمول کانگریس تیسری بڑی پارٹی کے طور پر ابھریگی ۔ ممتابنرجی انا ہزارے کے ساتھ دہلی میں ریلی منعقد کرنے گئی تھیں تاہم انا ہزارے اس ریلی میں شریک نہیں ہوئے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ ان کی پارٹی ریاست سے اٹھ کر قومی سطح پر اہم رول ادا کریگی اور اسے ماں ‘ ماٹی اور منش کا آشیرواد حاصل رہے گا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی مغربی بنگال میں لوک سبھا کی تمام 42 نشستوں پر سی پی ایم ‘ کانگریس اور بی جے پی کے خلاف مقابلہ کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی عوام کے اتحاد میں یقین رکھتی ہے سیاسی جماعتوں کے ناپاک اتحاد میں نہیں۔

کسانوں کی امداد کیلئے تمام پارٹی قائدین حکومت پر دباؤ ڈالیں : ادھو
ممبئی ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے آج ریاست کے تمام قائدین سے اپیل کی کہ وہ سب مہاراشٹرا کے علاقوں میں بارش اور ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں کی مالی امداد کیلئے حکومت سے تعاون کیلئے دباؤ ڈالیں ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر شیوسینا ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ بارش اور ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں کو حکومت فوری مالی امداد فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن کو مداخلت کرکے حکومت پر دباؤ ڈالنا چاہئے تاکہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ مالی امداد مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی وفاداریوں سے قطع نظر، تمام پارٹیوں کے قائدین کو یکجا ہوکر وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان سے ملاقات کرنا چاہئے۔