ترقی کیلئے امن، اتحاد، ہم آہنگی اولین شرط ، مودی کا بیان

نئی دہلی ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی یکجہتی کیلئے سردار ولبھ بھائی پٹیل کے کام کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اگر ہندوستان کو آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی نئی بلندیوں کو چھونا ہو تو ’’اتحاد، امن اور ہم آہنگی‘‘ پہلی شرط ہے۔ ’’اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے … ہمیں اتحاد، امن اور ہم آہنگی کے فارمولے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا،‘‘ وزیراعظم نے یہ ادعا ایک ایونٹ میں کیا جو سردار پٹیل کے 140 ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد کیا گیا۔ مودی کے ریمارکس کا پس منظر دادری قتل واقعہ، بیف تنازعہ اور دیگر واقعات کے بعد مبینہ ’’بڑھتی عدم رواداری‘‘ پر فنکاروں، مصنفین اور سائنس دانوں کی جانب سے جاری احتجاج ہے۔ مودی نے اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے خاندانی سیاست پر چوٹ کی اور کہا کہ یہ ہماری سیاست کی مصیبت بن چکی ہے اور یاددہانی کرائی کہ سردار پٹیل نے سیاسی زندگی میں کبھی کسی رکن خاندان کو بڑھاوا نہیں دیا۔ ہندوستان کے اولین نائب وزیراعظم کے یوم پیدائش پر قومی یوم اتحاد منایا جارہا ہے جہاں مودی نے ’دوڑ برائے اتحاد‘ کو جھنڈی دکھائی۔