ترال مسلح تصادم میں مسعود اظہر کے بھتیجے سمیت 2 جنگجو ہلاک، ایم 4اور اے کے 47رائفلیں برآمد

سری نگر۔31اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر پولیس نے ضلع پلوامہ کے ترال میں منگل کی شام مارے گئے دو جنگجوؤں کی شناخت جیش محمد کے شوکت احمد خان ساکنہ ہنڈورہ ترال اور پاکستانی شہری عثمان کے طور پر ظاہر کرلی ہے ۔ پولیس کے مطابق مسلح تصادم کے مقام سے ایم 4 اور اے کے 47 رائفلوں کے علاوہ دیگر اسلحہ و گولہ بارود اور ممنوعہ چیزیں برآمد کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق جیش محمد کے جنگجوؤں کا یہ گروپ سیکورٹی فورسز کے کیمپوں پر حالیہ وقت میں دُور سے کئے جانے والے سلسلہ وار حملوں میں ملوث تھا۔ترال کے شاہ پورہ چھانکتار میں منگل کو سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان مسلح تصادم ہوا، جو2 جنگجوؤں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا۔ مسلح تصادم میں مارے گئے دو جنگجوؤں میں پاکستانی جنگجو تنظیم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کا بھتیجا محمد عثمان بھی شامل ہے ۔ مسعود اظہر کے بھتیجے کی ہلاکت کی تصدیق خود جیش محمد کے ترجمان نے کی ہے ۔ جیش محمد ترجمان نے مقامی میڈیا کے مطابق مسلح تصادم میں محمد عثمان اور جیش محمد کے ایک اور جنگجو کی شناخت ازخود کی ہے ۔ محمد عثمان کشمیر میں مارا جانے والا مسعود اظہر کا دوسرا بھتیجا ہے ۔

وینکیا نائیڈو تین افریقی ممالک کے دورہ پر روانہ
نئی دہلی۔31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو تین افریقی ممالک زمبابوے ، بوتسوانا اور ملاوی کے 7 دن کے دورہ پر روانہ ہوگئے ۔گزشتہ 21 برسوں میں ہندستان کے کسی بھی بڑے لیڈر کایہ پہلا زمبابوے کا دورہ ہوگا۔ وزارت خارجہ کے حکام کے مطابق مسٹر نائیڈو 6 نومبر تک تین افریقی ممالک کے دورہ پر رہیں گے ۔ وہ آج سے 2 نومبر تک بوتسوانا، 2 سے 4 نومبر تک زمبابوے اور 4 سے 5 نومبر تک ملاوی کے دورہ پررہیں گے۔