تحقیقاتی ٹیم نے مریم نواز کو بھی طلب کر لیا

اسلام آباد۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) مریم نواز سے کہا گیا ہے کہ وہ 5 جولائی کو پیش ہوں اور یہ پہلا موقع ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے مریم نواز کو بلایا ہے ۔ جے آئی ٹی کی جانب سے مریم نواز کو جو سمن بھیجا گیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ وہ 5 جولائی کو 11 بجے پیش ہوں اور انھیں اپنے ہمراہ دستاویزات اور ریکارڈ لانے کو کہا گیا ہے۔اس سمن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر مریم نواز مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوتیں تو انھیں قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔بی بی سی اردو کے شہزاد ملک کے مطابق جے آئی ٹی کی جانب سے مریم نواز کو جو سمن بھیجے گئے ہیں ان میں واضح نہیں کہ انھیں کس حیثیت سے طلب کیا جا رہا ہے۔سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے فیصلے میں جے آئی ٹی کو وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بیٹوں حسن اور حسین نواز سے تحقیقات کرنے کا حکم دیا تھا اور اس فیصلے میں مریم نواز سے تحقیقات کا ذکر نہیں تھا۔