تحفظات کیلئے کاپو برادری کا احتجاج ‘ ٹرین کی چار بوگیاں نذر آتش

کاکناڈا / وجئے واڑہ / حیدرآباد 31 جنوری ( پی ٹی آئی ) پسماندہ طبقات زمرہ کے تحت کاپو برادری کو بھی تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ آج پر تشدد موڑ اختیار کر گیا جبکہ احتجاجیوں نے رتناچل ایکسپریس کے چار کوچس کو ٹونی ریلوے اسٹیشن ( مشرقی گوداوری ضلع ) میں نذر آتش کردیا ۔ اس واقعہ کے نتیجہ میںوجئے واڑہ اور وشاکھا پٹنم سیکشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر رہی ۔ تاہم ریلوے عہدیداروں کی بروقت مداخلت کی وجہ سے اس واقعہ میں کسی بھی مسافر کو کوئی زخم نہیں آئے ۔ وجئے واڑہ اسٹیشن کے مینیجر این سریش بابو نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی ٹونی میں ایک جلسہ عام میں شرکت کیلئے جمع ہوئے تھے جس سے ان کے لیڈر و سابق وزیر ایم پدمنابھ خطاب کرنے والے تھے ۔ انہوں نے ٹرین پر سنگباری کی اور کچھ پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے کے بعد ریلوے اسٹیشن میں توڑ پھوڑ بھی کی ۔ احتجاجیوں نے نیشنل ہائی وے 16 پر بھی راستہ روک دیا جس کے نتیجہ میں وشاکھاپٹنم و وجئے واڑہ کے مابین گاڑیوں کی آمد و رفت بھی متاثر رہی ۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے ایک پریس نوٹ کے بموجب وجئے واڑہ ۔ وشاکھاپٹنم رتناچل ایکسپریس کو 15.20 بجے ٹونی اور ہسماورم ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان روکا گیا ۔ یہ کارروائی کاپو ناڈو گرجنا احتجاجیوں نے کی جو پٹریوں پر بیٹھ گئے تھے ۔ وہ ٹرین انجن پر چڑھ گئے اور پائپ و شیشوں کو نقصان پہونچایا ۔ اس واقعہ کے بعد حکام نے وشاکھاپٹنم ۔ وجئے واڑہ کے مابین چلنے والی تمام ٹرینوں کو روک دیا ۔  جب متاثرہ ٹرین سے مسافرین کوچس سے اتر گئے چار کوچس کو نذر آتش کردیا گیا ۔ انہوں نے تاہم بتایا کہ چار بوگیاں جائے جانے کے باوجود تمام مسافرین محفوظ ہیں اور کوئی زخمی نہیں ہوا ۔