تحریک عدم اعتماد مباحث میں رکاوٹ پیدا کرنے ٹی آر ایس کا مودی کے ساتھ خفیہ معاہدہ

کے سی آر کا تھرڈ فرنٹ مودی کا سکنڈ فرنٹ ، ریونت ریڈی کانگریس قائد کا الزام
حیدرآباد ۔ /16 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے قائد و رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی سے خفیہ سازباز کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کی مباحث میں رکاوٹ پیدا کرنے کا ٹی آر ایس پر الزام عائد کیا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے بی جے پی کے زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی نوٹس پیش کی ۔ اس نوٹس کو قبول کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کے بشمول دوسری جماعتوں کے ارکان نے پوڈیم کے قریب پہونچکر مطالبہ کیا ۔ اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن نے تمام ارکان کو اپنی اپنی نشستوں پر لوٹ جانے پر مباحث کا آغاز کرنے کا تیقن دیا ۔ کانگریس کمیونسٹ جماعتوں تلگودیشم وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے علاوہ دوسری جماعتوں کے ارکان اپنی اپنی نشستوں پر واپس ہوگئے تاہم ٹی آر ایس کے ارکان بدستور احتجاج کرتے رہے جس پر اسپیکر لوک سبھا نے ایوان کی کارروائی پیر تک ملتوی کردی ۔ نریندر مودی سے خفیہ سازباز کرنے کے بعد ہی ٹی آر ایس نے تحریک عدم اعتماد پر مباحث کو روکنے کیلئے یہ اقدام اٹھایا ہے ، جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تقسیم آندھراپردیش بل میں آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ وعدے سے انحراف پر آندھراپردیش کے ارکان پارلیمنٹ احتجاج کررہے ہیں ۔ تقسیم ریاست بل میں تلنگانہ کیلئے بھی بیارم میں اسٹیل پلانٹ ایمس ، قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کے علاوہ دوسرے وعدوں کو نظر انداز کرنے والی مرکزی حکومت کو سبق سکھانے کا بہتر موقع ہے ۔ چیف منسٹر ایک طرف مرکز کے خلاف بغاوت کرنے کا اعلان کررہے ہیں تو دوسری طرف مودی سے خفیہ سازباز کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کو موضوع بحث بننے سے روک رہے ہیں ۔ تحریک عدم اعتماد پر مباحث کا آغاز ہوتا ہے تو ٹی آر ایس تحفظات کے علاوہ تلنگانہ سے ہونے والی انصافیوں کو پیش کرسکتی ہے۔ مگر حکومت سنجیدہ نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ آلہ کار بن کر کام کررہے ہیں ۔ ریونت ریڈی نے کے سی آر کے تھرڈ فرنٹ کو مودی کا سیکنڈ فرنٹ قرار دیا ۔ سی بی آئی کے مقدمات سے بچنے کیلئے مودی کے سامنے جھک جانے کا کے سی آر پر الزام عائد کیا ۔ مودی کے مخالف ووٹوں کو تقسیم کرنے کیلئے تھرڈ فرنٹ ، فرسٹ فرنٹ کا تماشہ کرنے کا دعویٰ کیا ۔ ٹی آر ایس کے رویے سے تلنگانہ کے مفادات کو نقصان پہونچنے کا ادعا کیا ۔