تحریک اِنصاف کے احتجاج کی تیاری مکمل‘ سرحدی شہر میں سخت چوکسی

اسلام آباد۔ 30؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ اسلام آبادمیں تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔ ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی کی گئی ہے جب کہ تربیت یافتہ کتوں سے پنڈال کی مکمل تلاشی بھی لی گئی ہے۔ ایف سی کے دستے بھی تعینات ہیں۔ اسلام آباد کے باہر سے آنے والے لوگ گولڑہ چوک کے مقام سے داخل ہوں گے، یہاں نہ صرف گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے بلکہ بوقت ضرورت راستہ بند کرنے کے لئے کنستر بھی تیار ہیں۔اسلام آباد میں پہلی بار مظاہرین سے نمٹنے کے لئے آبی توپ بھی موجود ہوگی۔ جو پانی کی بوچھاڑ سے مظاہرین کو منتشر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ عمران خان کی اپیل پر اسلام آباد جلسے میں شرکت کے لئے قافلے کالا شاہ کاکو کی طرف روانہ ہیں۔ قافلوں کی قیادت پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چودھری کریں گے۔ کالا شاہ کاکو پہنچنے والے قافلوں نے گاڑیوں پر پارٹی پرچم

اور قائدین کی تصاویر آویزاں کر رکھی ہیں۔ دریں اثناء جمعیت علماء اسلام کی پہیہ جام ہڑتال اور تحریک انصاف کے قافلوں کی اسلام آباد روانگی کے پیش نظر پشاور میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ پولیس عہدیداروں کے مطابق اندرون شہر، جی تی روڈ، چارسدہ روڈ، موٹروے ٹول پلازہ اور رنگ روڈ سمیت دیگر حساس مقامات پر شہر میں چار ہزار سے ذیادہ پولیس ملازمین تعینات ہیں۔ فرنٹیئر ریزرو پولیس اور ٹریفک پولیس کو بھی اہم مقامات پر تعینات کردیاگیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے قافلوں کی اسلام آباد روانگی اور جمعیت علماء اسلام کی پہیہ جام اور مظاہروں کے پیش نظر پولیس کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق دوجماعتوں کے کارکنوں میں تصادم کی صورت میں پولیس کو آنسو گیس شیل اور لاٹھیوں کے استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔