تحریک انصاف میں ایک اور اسکینڈل؟

اسلام آباد ۔ یکم جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ عمران نیازی قوم کو مزید بھاشن دینے کی بجائے کے پی کے عوام کو کرپشن کا حساب دیں۔ بہت جلد پی ٹی آئی کی ٹکٹوں کی فروخت کا بڑا اسکینڈل سامنے آنے والا ہے جس کے بعد عمران نیازی منہ چھپاتے پھریں گے۔ ورکرز کنونشن سے عمران خان کے خطاب پر ردعمل میںسینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ کے پی میں اپنے ہی بنائے ہوئے احتساب بیورو کے ادارے کے دروازے پر تالا لگانے والا کس منہ سے کرپشن کے خلاف بات کر رہا ہے۔ عمران نیازی اسٹیبلشمنٹ کے سہارے نہیں عوام کے ووٹوں سے انتخابات جیت کر دکھائیں۔ کل تک نواز شریف سیاست کو بدنام کرنے کی ڈیوٹی پر مامور تھے آج وہی کام عمران نیاز ی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی میں کوئی ہسپتال یا یونیورسٹی بنانے کی بجائے عمران نیازی نے کے پی کے عوام کا پیسہ چوری کرکے طالبان کے استاد کے مدرسے کو دے دیا۔ یو ٹرن خان کا کردار کھل کر عوام کے سامنے آچکا وہ عوام کو گمراہ یا بیوقوف نہیں بنا سکتے۔