تجارتی اداروں سے نکلنے والے کچہرے کی نکاسی کیلئے خصوصی انتظامات

جی ایچ ایم سی کی جانب سے رمضان کے دوران لاریوں کی خدمات، کمشنر بلدیہ کی خصوصی دلچسپی

حیدرآباد۔19مئی (سیاست نیوز) شہر میں ماہ رمضان المبار ک کے دوران بازاروں میں دیکھی جانے والی گہما گہمی اور تجارتی اداروں سے نکلنے والے کچہرے کی نکاسی کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں اور تجارتی علاقوں میں نکلنے والے کچہرے کی فوری منتقلی کیلئے خصوصی گاڑیوں کے علاوہ صفائی عملہ کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور اس عمل کی انجام دہی کیلئے صفائی عملہ کو ہمہ وقت متحرک رکھا جا رہا ہے ۔ چارمینار‘ ٹولی چوکی ‘ پتھر گٹی ‘ افضل گنج‘ مدینہ بلڈنگ‘ کشن باغ‘ بہادر پورہ‘ شاہ علی بنڈہ کے علاوہ جن علاقوں میں رمضان المبارک کے خصوصی بازار لگائے گئے ہیں ان علاقوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کے ساتھ گاڑیوں کے ذریعہ کچہرے کی منتقلی عمل میں لائی جا رہی ہے او رکہا جا رہاہے کہ صبح کی اولین ساعتوں کے دوران ہی کچہرے کی صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ دکانات کھلنے اور گاہکوں کی آمد و رفت کے دوران صفائی کا عمل انجام دینے کی ضرورت باقی نہ رہے۔کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور نے صفائی عملہ اور اپنے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بازاروں میں صفائی کو یقینی بناتے ہوئے انہیں رپورٹ پیش کی جائے اور بازاروں میں گہما گہمی کے نام پر بہانہ کرتے ہوئے عدم صفائی کو قبول نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کے تمام علاقوں میں صفائی کو یقینی بنانے کے علاوہ شہر حیدرآباد کے بازاروں سے کچہرے کی نکاسی کو ممکن بنانے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں اور کسی بھی مقام پر کچہرے کی عدم صفائی کی صورت میں بلدیہ کی 24X7ہیلپ لائن پر شکایت درج کروائی جا سکتی ہے ۔ انہو ںنے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مساجد کے قریب صفائی کے خصوصی انتظامات کو ممکن بنایا جائے اور بازاروں اور چوراہوں کے علاوہ رہائشی محلہ جات سے بروقت کچہرے کی نکاسی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے ماہ رمضان المبار ک کے دوران کچہرے کی نکاسی اور منتقلی کیلئے خصوصی لاریوں کی خدمات کے علاوہ جے سی بی کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں اور بیشتر مقامات پر روزانہ کے اساس پر کچہرا اٹھانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ بعض علاقو ںمیں کچہرے کی منتقلی و نکاسی کے سلسلہ میں موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لیا جا رہاہے اور ان شکایات سے متعلقہ عہدیداروں کو واقف کرواتے ہوئے ان کی فوری یکسوئی کی ہدایت دی جا رہی ہے۔دونوں شہروں میں مختلف محکمہ جات کی جانب سے شکایات کی وصولی کیلئے قائم کئے گئے کنٹرول روم واقع سردار محل میں محکمہ برقی ‘ بلدی‘ آبرسانی اور پولیس کے عہدیدار موجود ہیں تاکہ کسی بھی شکایت پر فوری کاروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔