تبصرہ

کتاب کا نام     : اکتسابات
مصنفہ         : ڈاکٹر مسز عسکری صفدر
تبصرہ نگار     : ڈاکٹر امتہ ا لکریم طلعت صدیقہ ، لکچرر
محبوبیہ گرلز جونیئر کالج ، حیدرآباد
اردو زبان و ادب کے سرمایہ میں حیدرآبادی خواتین نے بھرپور اضافہ کیا ہے ۔ اس طرح ان خواتین کی علمی و ادبی خدمات گرانقدر قرار پاتی ہیں۔ حیدرآبادی خو اتین کی یہ فہرست طویل ہے جس کا اندازہ زیر نظر کتاب ’’اکتسابات‘‘ سے ہوتا ہے ۔
ڈاکٹر عسکری صفدر کی یہ چوتھی کتاب ہے جو تحقیقی و تنقیدی مضامین کا مجموعہ ہے۔ اس سے قبل مصنفہ کی تین کتابیں حیدرآباد کی شاعرات ، جائزۂ انیس اور دکنی ادب کے محققین و محسنین شائع ہوکر پذیرائی حاصل کرچکی ہیں۔ فی الحال ڈاکٹر عسکری صفدر پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج کے عہدہ پر فائز ہیں ۔ انہوں نے اپنی فطری اور اکتسابی صلاحیتوں کے سبب درس و تدریس کے ساتھ ساتھ تصنیف و تالیف کی متنوع سرگرمیوں میں حصہ لیا ۔ اس طرح پچھلے آٹھ نو برسوں کے درمیان ان کے کئی تحقیقی و تنقیدی مضامین منظر عام پرآئے ۔ یہ جملہ 28 مضامین ہیں ۔
پیش نظر کتاب کے یہ مضامین مختلف سمیناروں میں پڑھے گئے اور متعدد رسائل و جرائد میں شائع ہوئے ۔ اس طرح یہ کتاب متنوع موضوعات پر مبنی ہے ۔
ان مضامین میں مخدوم کا شعری تخیل ، فیض کی شاعری میں عصری حسیت ، پروفیسر محمد علی اثر کا دکنی ادب میں اشتراک ، حیدرآباد کی معاصر خواتین ادیب، ماہ لقا چندا کی شاعری ، شہادت عظمی پر شعراء کے تاثرات اور دبستان انیس کا آخری مرثیہ گو فرید لکھنوی شامل ہیں جو پڑھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ایک اورمضمون ’’جامعہ عثمانیہ شعبہ اردو کی خواتین کی علمی و ادبی خدمات ‘‘ مبسوط اور معلوماتی مضمون ہے جس میں مصنفہ نے جہاں بانو نقوی اور زینت ساجدہ سے لے کر میمونہ وحید اور عطیہ سلطانہ کی علمی و ادبی خدمات کا اجمالی طور پر احاطہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ منیر نیازی اور خورشید احمد جامی کی غزلیہ شاعری کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے فنی و فکری اکتسابات کا تجزیہ کیا ہے۔
ان مضامین سے مصنفہ کی کاوش اور جستجو کا پتہ چلتا ہے اور تحقیقی صلاحیتوں اور تنقیدی بصیرت کا اظہار ہوتا ہے ۔ طرز تحریر سلیس و رواں ہے شگفتہ اسلوب کا حامل ہے۔ ان کی نثر نپی تلی ہوتی ہے ، بیجا لفاظی نہیں ہوتی۔
فہرست مضامین کی ترتیب میں توازن کا خیال نہیں رکھا گیا۔ ایک ہی موضوع کے مضامین آگے پیچھے ہوگئے ہیں۔ پروف ریڈنگ کی غلطیاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ نفیس کاغذ ، عمدہ طباعت اور جاذب نظر ٹائٹل سے کتاب مزین ہے جو دو سو روپئے میں ہدیٰ بک ڈسٹری بیوٹر پرانی حویلی پر دستیاب ہے۔