تبدیلی اور انقلاب کا نامپلی سے آغاز: فیروز خاں ، احمد نگر ڈیویژن میں پدیاترا، سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کے قیام کا وعدہ

حیدرآباد۔/30نومبر، ( سیاست نیوز) نامپلی اسمبلی حلقہ کے کانگریس امیدوار محمد فیروز خاں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس زیر قیادت عوامی اتحاد برسراقتدار آنے پر حلقہ میں غریب عوام کیلئے سرکاری سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی سی سی صدر راہول گاندھی نے اس سلسلہ میں وعدہ کرلیا ہے۔ فیروز خاں نے آج احمد نگر ڈیویژن کے مختلف علاقوں میں پدیاترا کی اور رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے اپنا ترقیاتی ایجنڈہ پیش کیا۔ عوام کی جانب سے فیروز خاں کا والہانہ استقبال کیا گیا اور بلالحاظ مذہب و ملت رائے دہندوں نے کہا کہ وہ اس مرتبہ تبدیلی کے حق میں اپنی رائے دیں گے۔ گزشتہ 20 برسوں میں علاقہ کی ترقی کو نظرانداز کردیا گیا تھا۔ نامپلی جو کہ شہر کے قلب میں واقع ہے لیکن اسے پسماندہ علاقہ میں تبدیل کرتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا گیا۔ فیروز خاں نے عوام کو تیقن دیا کہ وہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں غریبوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے پر توجہ دیں گے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ہر ڈیویژن میں ایک معیاری اسکول اور ہاسپٹل تعمیر کیا جائے گا۔ خاص طور پر خواتین کے لئے علاج کی خصوصی سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور علاج کافی مہنگا ہوچکا ہے اور غریبوں کی دسترس سے باہر ہے۔ حکومت نے آروگیہ شری اسکیم کا اعلان تو کیا لیکن اس کے تحت علاج کی مناسب سہولتیں موجود نہیں۔ کانگریس برسر اقتدار آنے پر آروگیہ شری اسکیم کے تحت 5 لاکھ روپئے کے علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ احمد نگر ڈیویژن جو بنیادی سہولتوں سے محروم ہے اسے مثالی ڈیویژن میں تبدیل کیا جائے گا۔ سڑکیں اور دیگر بنیادی سہولتوں کیلئے وہ حکومت سے زائد فنڈز حاصل کریں گے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مقامی جماعت نے کمیشن اور غنڈہ گردی کے ذریعہ عوام کو اپنے حق کیلئے آواز اٹھانے سے روک رکھا تھا لیکن اب عوام بیدار ہوچکے ہیں اور تلنگانہ میں تبدیلی اور انقلاب کا آغاز نامپلی اسمبلی حلقہ سے ہوگا۔