’تاپی‘ کی آج سنگ بنیاد تقریب، ہند و پاک کی شرکت

ترکمنستان و افغان قائدین کی بھی شرکت۔ ایم جے اکبر ہندوستانی نمائندہ
اسلام آباد ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور ہندوستان کئی بلین ڈالر والے ’تاپی‘ گیس پائپ لائن پراجکٹ کے سلسلہ میں ترکمنستان میں سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کریں گے۔ یہ پراجکٹ جنوبی ایشیاء میں توانائی کی قلت دور کرنے میں مدد کرے گا، دفترخارجہ پاکستان نے آج یہ بات کہی۔ اس تقریب کا پہلا مرحلہ کل جمعرات کو ترکمنستان کے سرحت آباد میں منعقد ہوگا جس میں پاکستان کی طرف سے وزیراعظم خاقان عباسی، صدر ترکمنستان جی ملک گلیویچ، صدر افغانستان اشرف غنی اور مملکتی وزیرامورخارجہ ہند ایم جے اکبر شرکت کریں گے۔ بعدازاں وزیراعظم عباسی افغانستان کے صوبہ ہیرات جائیں گے جہاں اس ضمن میں ایک اور تقریب منعقد ہوگی۔ قدرتی گیس کی پائپ لائن والا یہ پراجکٹ پاکستان میں آگے کے مراحل تک پہنچ چکا ہے۔ اسے گذشتہ سال باقاعدہ طور پر شروع کیا گیا تھا۔ ترکمنستان میں دنیا کے چوتھے سب سے بڑے گیس ذخائر موجود ہیں جس سے استفادہ کیلئے یہ پراجکٹ ڈسمبر 2015ء میں شروع کیا گیا۔ تاپی پائپ لائن میں 90 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک میٹر گیس 30 سال تک روزانہ منتقل کرنے کی گنجائش رہے گی اور اسے رواں سال کارکرد بنائے جانے کا منصوبہ ہے۔ اس پراجکٹ سے ہندوستان اور پاکستان کی ابھرتی معیشتوں کیلئے صاف ایندھن فراہم ہوگا۔