تاریخی عمارتوں کے یونیسکو میں اندراج کی مساعی

چارمینار ‘ قلعہ گولکنڈہ اور گنبدان قطب شاہی کو شامل کروانے حکومت کوشاں
حیدرآباد 27 فبروری ( پی ٹی آئی ) حکومت تلنگانہ شہر کی تاریخی عمارتوں چارمینار ‘ گولکنڈہ اور گنبدان قطب شاہی کی یونیسکو سے توثیق کروانے کی خواہاں ہے ۔ ایک سرکاری اعلامیہ کے بموجب حکومت ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ شہر کی ان تاریخی اور یادگار عمارتوں اور ان کے آس پاس ہوئے ناجائز قبضہ جات کو برخواست کیا جائے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حکومت اس سلسلہ میں ضرورت پڑنے پر سبکدوش ملازمین کی خدمات حاصل کریگی ۔ کے ٹی آڑ نے آج اس سلسلہ میںآغا خان ٹرسٹ ‘ محکمہ سیاحت ‘ محکمہ آثار قدیمہ ‘ بلدی نظم و نسق اور محکمہ ثقافت کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا تھا ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ٹی آر ایس حکومت چاہتی ہے کہ چارمینار ‘ قلعہ گولکنڈہ اور گنبدان قطب شاہی کیلئے یونیسکو سے توثیق حاصل کی جاسکے اور اس کیلئے کوشش کی جا رہی ہے ۔