تاج محل کی مسجد میں نماز جمعہ کیلئے شناختی کارڈ کا لزوم

آگرہ ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نماز جمعہ ادا کرنے کیلئے تاج محل کی مسجد میں آنے والے مسلمانوں کو اب اپنے ساتھی شناختی کارڈس بھی رکھنے ہوں گے۔ محکمہ آثار قدیمہ (اے ایس آئی) کی جانب سے جاری کردہ ایک حکمنامہ کے ذریعہ یہ وضاحت کی گئی۔ یاد رہیکہ اس تعلق سے محکمہ آثار قدیمہ میں ایک شکایت داخل کی گئی تھی کہ جمعہ کے روز وزیٹرس کیلئے مسجد کو بند رکھے جانے کے باوجود وہاں غیرملکی افراد بھی داخل ہورہے ہیں۔ حکمنامہ اے ایس آئی کی آگرہ یونٹ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جو آرکیالوجسٹ این کے پاٹھک نے تیار کیا تھا۔ البتہ اس حکمنامہ کی تاج محل مسجد کمیٹی نے مذمت کی ہے اور کہا ہیکہ کسی بھی مسلمان کو (چاہے وہ بیرون ملک سے ہی تعلق رکھتا ہو)مسجد میں نماز پڑھنے سے روکا نہیں جاسکتا۔

دفعہ 370 پر بی جے پی کا موقف برقرار
جموں 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دستور کی دفعہ 370 کی تنسیخ کے بارے میں بی جے پی کا موقف برقرار ہے۔ اِس دفعہ کے تحت ریاست جموں و کشمیر کو خصوصی موقف دیا گیا ہے۔ بی جے پی کا ابتداء سے ہی مطالبہ یہ ہے کہ اِس دفعہ کو منسوخ کردیا جائے۔ بی جے پی کی ترجمان نرملا سیتارامن نے ایک پریس کانفرنس میں اِس کا انکشاف کیا۔