تاج محل کو قبرستان کہنے والے ہی اب وہاں جھاڑو لگارہے ہیں:راج بھر

دیوریا30اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام ) سماج وادی پارٹی نے بی جے پی طنز کرتے ہوئے کہا کہ کبھی تاج کو قبرستان کہنے والے اب وہاں جھاڑو لگارہے ہیں۔سما ج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری رماشنکر راج بھر نے آج یہاں یو این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ عوام کے جذبات سے کھلواڑ کرتے ہیں۔ جو لوگ تاج محل کو کبھی قبرستان کہتے تھے ۔ اب وہاں جھاڑوں لگاکر لوگوں کی تعریف حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔مسٹر راج بھر نے کسی کا نام لئے بغیرالزام لگایا کہ ریاست کی ترقی نہیں ہوئی ہے ۔ کچھ لوگ بلدیاتی انتخابات میں لوگوں کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لئے تاج محل کی سیاست کررہے ہیں۔ ریاست کی عوام حکومت کے منصوبوں کو اچھی طرح سمجھ چکی ہے ۔ اس مرتبہ سماج وادی پارٹی ریاست کے بلدیاتی انتخابات میں حکمراں بی جے پی کو سخت مقابلہ دینے جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی بلدیاتی انتخابات میں ووٹوں کی صف بندی کرنے کی کوشش کرے گی ۔ سماج وادی پارٹی، بی جے پی کے ان منصوبوں پر پانی پھیر دے گی۔ ریاست میں تاجر نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نافذ ہونے پر خود کو ٹھگا ہوا محسوس کررہے ہیں۔ریاست میں تاجر برادری بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کے خلاف ووٹ دے گی۔