تاج محل کا ’لاپتہ‘ کلس مرمت کیلئے نکالا گیا درستگی کا کام جاری، اندرون ایک ہفتہ دوبارہ تنصیب

آگرہ ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) محکمہ آثار قدیمہ نے آج کہا کہ تاج محل کا ایک ’’لاپتہ‘‘ کلس دراصل درستگی کیلئے نکالا گیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر جاری یہ شبہات بھی ختم ہوگئے کہ غالباً یہ کلس گر گیا ہے۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کے ایک عہدیادر نے کہاکہ ’’مرمت و آہک پاشی کے دوران پتہ چلا کہ یہ کلس بوسیدہ ہوگیا ہے اس کے قدیم ہوجانے کے واضح آثار نظر آرہے تھے۔ چنانچہ درستگی کیلئے پیر کو یہ نکال لیا گیا تھا‘‘۔ اس عہدیدارنے مزید کہا کہ کلس کی آہنی سلاخ زنگ آلود اور کمزور ہوچکی تھی جس کو تبدیل کرنے کی ضرورت تھی۔ سطح کو مضبوط بنانے کیلئے اس میں بھرت کی جارہی ہے۔ یونیسکو کی فہرست میں شامل 17 ویں صدی کا یہ عالمی ورثہ کے چارمیناروں کے منجملہ ایک مینار کا کلس لاپتہ ہونے کے بارے میں گذشتہ روز سوشیل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں، سمجھا جارہا تھا کہ مرمت کے کام کے دوران غالباً وہ گر کر ٹوٹ گیا ہوگا۔ اس دوران کنزرویشن اسسٹنٹ رام رتن نے کہا کہ متاثرہ کلس کیبحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے اور اندرون ایک ہفتہ اس کی دوبارہ تنصیب کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلس پر جمع شدہ گرد کی صفائی کے ساتھ مرمری سطح کی روایتی چمک بحال کرنے کا کام جاری ہے۔