بے گھر افراد کی 10 جون تک مردم شماری مکمل کرلی جائے گی

بلدیات کمشنران کے اجلاس میں پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار کا خطاب
حیدرآباد۔28 مئی (سیاست نیوز) ریاست میں موجود بے گھر افراد کی مردم شماری 10 جون تک مکمل کرلی جائے اور ان کے مکمل ریکارڈ تیار کئے جائیں۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے ریاست میں موجود بلدیات کے کمشنران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ ہدایات جاری کی ہیں اور کہا کہ اس مردم شماری کی بنیاد پر ہی ان بے گھر افراد کو جو کہ سرکاری شیلٹر میں قیام کرتے ہیں یا نہیں آدھار کارڈ اور صداقتنامۂ پیدائش فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مردم شماری کی تکمیل کے ساتھ ہی ان بے گھر افراد کو وظائف اور طبی تشخیص کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ مسٹر اروند کمار نے کمشنران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود شیلٹرس کا جائزہ لیتے رہیں اور شہری بے گھر افراد کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔اجلاس کے دوران انہیں اس بات سے واقف کروایا گیا کہ ریاست کی جملہ 143شہری مجالس بلدیہ میں 53بلدیات ایسی ہیں جن میں بے گھر افراد کیلئے شیلٹر ہومس موجود ہیں اور ان میں 11 ہزار 389 افراد مقیم ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ شیلٹرہومس میں مسیم 5807 افراد کو آدھار کارڈ جاری کئے جاچکے ہیں اور 787کے پاس ووٹر آئی ڈی کارڈ موجود ہیں اسی طرح 3497کے پاس راشن کارڈ موجود ہیں۔ اس کے علاوہ شیلٹر ہومس میں مقیم بعض افراد انشورنس اسکیم سے بھی استفادہ کر رہے ہیں اور 694 افراد کو آنگن واڑی مراکز سے بھی رجوع کیا جا چکا ہے ۔ ان شیلٹر ہومس میں طبی تشخیص کے کیمپوں کے متعلق عہدیداروں نے کہاکہ تاحال ان شیلٹر ہومس میں 1050 ہیلت کیمپس منعقد کئے جا چکے ہیں اور 129 افراد کو مختلف سرجری کیلئے دواخانوں سے رجوع کیا گیا ہے۔ مسٹر اروند کمار نے عہدیداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ 10جون تک ان کی مردم شماری مکمل کرلی جائے تاکہ انہیں مزید سہولتوں کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔