بے نظیر بھٹو قتل ‘ تازہ تحقیقات نہیں ہونگی : حکومت پاکستان

اسلام آباد 27 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت پاکستان کی جانب سے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کیس میں تازہ ترین تحقیقات کا حکم نہیں دیا جائیگا۔ حکومت اس مسئلہ پر عدالت کے ایک فیصلے کا انتظار کریگی ۔ میڈیا رپورٹ میں یہ بات کہی گئی ہے ۔ ومیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ ہم اس مسئلہ پر عدالت کے فیصلے کا انتظار کرینگے اس کے بعد ہی مستقبل کی حکمت عملی کا تعین کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ابھی یہ معاملہ عدالت میں زیر دوران ہے

اس لئے ہم علیحدہ سے تحقیقات شروع نہیں کرسکتے ۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے انتخابات سے قبل اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی اقتدار میں آجائے تو وہ بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو بے نقاب کریگی ۔ بے نظیر بھٹو کے قتل کیس میں چار مرتبہ تحقیقات ہوئی ہیں اور اس کی سماعت ایک انسداد دہشت گردی عدالت میں جاری ہیں۔ مسٹر رشید نے ڈان اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پہلے عدالت کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے جو اب تک ہوچکی تحقیقات سے متعلق ہوگا ۔ بے نظیر بھٹو کا 2007 میں 27 ڈسمبر کو ایک خود کش حملے کے ذریعہ قتل کردیا گیا تھا جب وہ راولپنڈی میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرنے پہونچی تھیں۔ اس حملہ کیلئے تحریک طالبان پاکستان کو مورد الزام ٹہرایا جاتا ہے۔