بی جے پی ۔ ایل جے پی اتحاد ’’غیر اُصولی‘‘ : نتیش

پٹنہ 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ایل جے پی کے سربراہ رام ولاس پاسوان کو ایک ایسا قائد قرار دیتے ہوئے جنھوں نے سیاست میں کوئی نظریہ پیش نہیں کیا ہے، چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے بی جے پی ۔ ایل جے پی اتحاد کو ’’غیر اُصولی‘‘ قرار دیا اور کہاکہ یہ ایک حیرت انگیز بات ہے لیکن سچ ہے۔ اُنھوں نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے اِس اتحاد پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ ’’جیسی پرستتی ویسا نرنئے ویسا راستہ‘‘ پاسوان پر تنقید کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہاکہ ایل جے پی قائد نے واضح کردیا ہے کہ اِن کے قول اور عمل پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ حالات کے مطابق اُن کے لئے جو مناسب ہوتا ہے وہی کرتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کا کوئی بھی دوسرا شخص ایسے واقعہ کا اعادہ نہیں کرسکتا اور نہ ایسی حرکت کرسکتاہے۔ نتیش کمار اور رام ولاس پاسوان اٹل بہاری واجپائی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کی کابینہ میں شامل تھے۔