بی جے پی کے حامیوں پر عصمت ریزی کا الزام

احمد نگر۔/31مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) موضع راج گاؤں میں ایک 43 سالہ خاتون کی 4افراد بشمول سرپنچ نے اجتماعی عصمت ریزی کی۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ احمد نگر سے 33کلو میٹر دور نیوائے تحصیل میں 29مارچ کو پیش آیا جبکہ ملزمین رات کے وقت خاتون کے مکان میں داخل ہوگئے اور اس کے 21سالہ فرزند کو ایک کمرہ میں بند کردیا اور گھناؤنے جرم کا ارتکاب کیا۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ لکشمی گوتم نے یہ اطلاع دی۔ متاثرہ خاتون کی شکایت کے مطابق اتوار کی صبح جھگڑا اسوقت شروع ہوا جب 30افراد کا ایک گروپ ان کے خاندان پر حملہ کرکے شوہر کو زخمی کردیا جنہیں ہاسپٹل میں شریک کروادیا گیا ۔ خاتون نے جن ملزمین کی نشاندہی کی ہے ان میں لکشمن گھولے35سالہ، شیوجی مہادیو شیرت 39سالہ، بھگوت بنسی گھولے 32سالہ، سندیپ راما کرشنا شریت 26سالہ شامل ہیں جن کا تعلق بی جے پی سے ہے۔

بی جے پی رکن پارلیمنٹ کا تمباکوپر تبصرہ مسترد : جاودیکر
نئی دہلی ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر پرکاش جاودیکر نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے دلیپ گاندھی کے اس تبصرہ کو مسترد کردیا کہ کوئی بھی ہندوستانی تحقیق بیرون ملک تحقیقاتوں کی تصدیق نہیں کرتی کہ تمباکو اور کینسر کا باہم تعلق ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ایسی باتیں مت سنئے، سائنس سائنس ہیں، سائنس پر سمجھوتہ نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے دلیپ گاندھی کے تبصرہ کو نامنظور کرتے ہوئے کہا کہ سگریٹ اور دیگر دمباکو مصنوعات قانون 2003ء کا جائزہ لیا جارہا ہے۔