بی جے پی کے اشتہارات ضابطہ اخلاق کے مغائر

نئی دہلی ، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج الیکشن کمیشن سے رجوع ہوکر بی جے پی کے خلاف کارروائی چاہی اور دعویٰ کیا کہ دہلی اسمبلی چناؤ کیلئے اس پارٹی نے چونکہ اپنا انتخابی منشور جاری نہیں کیا ہے، اس لئے اس کے اشتہارات یا انتخابی وعدے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔ کانگریس پارٹی نے کہا کہ چونکہ بی جے پی نے انتخابی منشور جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس لئے وہ ’’ضابطہ اخلاق کے مغائر کوئی اشتہار جاری کرنے یا مرکز میں برسراقتدار رہنے والی پارٹی کی حیثیت سے کوئی وعدہ کرنے کی مجاز نہیں ہے‘‘۔ ای سی کو اپنی شکایت میں کانگریس نے دعویٰ کیا کہ کوئی ویژن دستاویز کیلئے ’’کوئی گنجائش‘‘ نہیں اور نا ہی یہ ضابطہ اخلاق کے تحت فراہم کی گئی ہے۔