بی جے پی کی گمراہ کن تشہیر کا جواب کانگریس کا’نیائے‘ ، راہول کا ادعا

سیتاپور( یو پی ) یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ کانگریس کی ’نیائے ‘ اسکیم بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کا جواب ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت کی پالیسیوں سے ملک کی معیشت تباہ ہوچکی ہے اور کانگریس برسراقتدار آجائے تو معیشت کا احیاء کرے گی ۔ وہ ایک انتخابی جلسہ عام سے جو پارٹی امیدوار قیصر جہاں کی تائید میں منعقد کیا گیا تھا خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے برسراقتدار بی جے پی کو اور وزیراعظم نریندر مودی کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نوٹوں کی تنسیخ کے اور جی ایس ٹی کے اقدامات نے مشترکہ طور پر ملک کی معیشت تباہ کردی ہے ۔ مہاراشٹرا میں نکسلائٹس کے حملہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ انتہائی غمگین ہیں اور سوگوار ارکان خاندان کو جن کے رشتہ دار نکسلائٹس حملہ میں جو مہاراشٹرا میں کیا گیا ، ہلاک ہوئے ، دلی تعزیت پیش کرتے ہیں ۔ کم از کم 16 افراد بشمول 15 ملازمین پولیس نکسلائٹس کے آئی ای ڈی دھماکہ سے مہاراشٹرا کے ضلع گڈچرولی میں ہلاک ہوئے ہیں ۔ دھماکہ کے بعد نکسلائٹس نے 25 گاڑیوں کو جو سڑک کی تعمیر کرنے والے گتہ دار کی ملکیت تھیں نذرآتش کردیا ۔ راہول نے اپنے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تہہ دل سے مہلوکین کے ارکان خاندان کو تعزیت پیش کرتے ہیں ۔ جنرل سکریٹری کانگریس پرینکا گاندھی نے بھی مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ وہ رنج و غم کے اس لمحہ میں کانگریس کے ساتھ سوگوارخاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک تشدد کا مخالف ہیں۔