بی جے پی کی کامیابی کیلئے اسد اویسی ذمہ دار: ریونت ریڈی

تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں ، سماج کو تقسیم کرنے کے خلاف جدوجہد کا اعلان
حیدرآباد ۔ 28۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے نو منتخب رکن پارلیمنٹ اے رویونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مجلس کے صدر اسد اویسی کے باعث بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ کانگریس پارٹی نہ صرف تلنگانہ بلکہ پارلیمنٹ میں بی جے پی کا مقابلہ کرے گی۔ تلنگانہ کے مسائل اور مطالبات کی تکمیل کیلئے کانگریس کے ارکان ایوان میں جدوجہد کریں گے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ مجلس کے صدر نے سیکولر ووٹوں کی تقسیم میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ اس کے نتیجہ میں تلنگانہ میں بی جے پی کو چار نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری منی انڈیا کی طرح ہے اور اس حلقہ سے کامیابی پر وہ عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوڑنگل اسمبلی حلقہ میں کے سی آر اور ہریش راؤ نے سازش کے ذریعہ انہیں شکست دی تھی ۔ ملکاجگیری کے عوام چاہتے ہیں کہ حکومت سے سوال کرنے والے افراد موجود رہیں۔ لہذا انہوں نے مجھے اس حلقہ سے کامیاب کیا ہے۔ عوام نے مجھے جو ذمہ داری دی ہے اسے اپنی صلاحیت کے مطابق پورا کروں گا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی اور امیت شاہ کی سماج کو تقسیم کرنے کی سیاست کے خلاف وہ جدوجہد کریں گے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی نے مکمل اعتماد کرتے ہوئے ٹکٹ دیا ہے اور پارٹی سے انحراف کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔ قومی میڈیا کے بعض گوشے اپنے تجارتی اغراض کیلئے میرے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے کے سی آر کے ڈکٹیٹر رویہ کے خلاف اپنا فیصلہ سنایا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے بعد کے سی آر کا خاندان تلنگانہ پر حکمرانی کر رہا تھا ۔ عوام نے خاندانی حکمرانی کو مسترد کردیا ہے۔