بی جے پی کی کامیابی سے مسئلہ کشمیر کی یکسوئی ممکن : عمران خان

اسلام آباد۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا ایقان ہے کہ ہندوستان میں منعقد ہونے والے عام انتخابات کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کی پارٹی بی جے پی اگر کامیاب ہوئی تو ہندوستان کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ مسئلہ کشمیر کو حل کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ ہندوستان میں عام انتخابات کا آغاز 11 اپریل سے ہورہا ہے اور نتائج کا اعلان آئندہ ماہ 23 مئی کو کیا جائے گا۔ بیرون ممالک کے صحافیوں کے ایک گروپ کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انتخابات میں اگر (شاید) بی جے پی کو کامیابی ملتی ہے اور وہ مرکز میں حکومت تشکیل دیتی ہے تو پھر پاکستان کے ساتھ بات چیت کی راہ ہموار ہوسکتی ہے اور مسئلہ کشمیر کی یکسوئی بھی کی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک دیگر پارٹیوں کا سوال ہے تو انہیں (پارٹیوں کو) مسئلہ کشمیر کی یکسوئی میں دائیں بازو کی تنقیدوں اور احتجاج کا خوف رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہند و پاک کے درمیان مسئلہ کشمیر ہی اہم ترین مدعا ہے۔ ہندوستان کا استدلال ہے کہ پوری ریاست جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور پاکستان نے اس کے ایک حصہ پر غیرقانونی قبضہ کر رکھا ہے۔