بی جے پی کو 300 نشستوں پر کامیابی کا یقین

بنگلور۔ 9؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ سینئر بی جے پی قائد وینکیا نائیڈو نے واضح مودی لہر جاری رہنے کا ادعا کرتے ہوئے دعوی کیاکہ بی جے پی آئندہ لوک سبھا انتخابات میں 300 سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی اسی اقلیتوں اور مجبور ذاتوں کی تائید کا یقین ہے وہ بی جے پی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک گیر سطح پر واضح مودی لہر چل رہی ہے ۔ بی جے پی لوک سبھا کی 300 سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی کیونکہ رائے دہندوں کے ذہن میں نمایاں تبدیلی آچکی ہے ۔ دلتوں ،درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور اقلیتوں نے ریاستی اسمبلی انتخابات میں گذشتہ سال بی جے پی کی تائید میں رائے دی ہے ۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ درج فہرست ذاتوں کیلئے راجستھان میں محفوظ 34 نشستوں میں سے بی جے پی نے تقریبا 30 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ دلتوں کا جھکاو اب بی جے پی کی جانب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے 10 مسلم امیدواروں کو راجستھان میں ٹکٹ دیا تھا لیکن ان میں سے ایک بھی کامیابی حاصل نہیں کرسکا ۔

بی جے پی نے چار مسلم امیدوار انتخابی میدان میں اتارے تھے جن میں سے دو کو کامیابی حاصل ہوئی ۔ اس سے بھی ثابت ہوتا ہے کہ اقلیتی رائے دہندوں نے بی جے پی کی تائید میں ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی رجحان مدھیہ پردیش ،چھتیس گڑھ اور دہلی کے انتخابات میں دیکھا گیا۔ تیسرے محاذ کے ابھرنے کے بارے میں وینکیا نائیڈو نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ ایسا کوئی متبادل جس میں وزیر اعظم کے عہدہ کی امید رکھنے والے افراد کی تعداد زیادہ ہو کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا ۔ اب بھی یہی حال ہے ۔ دیوے گوڑا ،نتیش کمار ،ممتا بنرجی ملائم سنگھ یادو اور جئے للیتا تمام وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ تیسرا محاذ بطور متبادل موجود نہیں ہے کیونکہ بعض سیاسی پارٹیاں دیگر سیاسی پارٹیوں سے قربت اختیار کرنا نہیں چاہتی ۔