بی جے پی کو تازہ منشور جاری کرنے کا حق نہیں : مایاوتی

لکھنو 8 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ واضح کرتے ہوئے جو پارٹی 2014 میں کئے گئے وعدوں کو پرا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اسے تازہ منشور جاری کرنے کا کوئی حق نہیں ہے بی ایس پی لیڈر مایاوتی نے آج کہا کہ بی جے پی کو منشور کی بجائے کارروائی رپورٹ جاری کرنے کی ضرورت ہے ۔ بی جے پی کے انتخابی منشور کی اجرائی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی اور نریندر مودی حکومت نے عوام کو مسلسل دھوکہ دیا ہے اور انہوں نے سابق میں کئے گئے انتخابی وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے ۔ اب ان لوگوں کو نیا منشور جاری کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ان کی باتوں پر یقین نہیں رکھتے اور انہیں عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہئے کہ انہوں نے سرمایہ داروں کیلئے ہی کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور نریندر مودی حکومت کو چاہئے کہ وہ گذشتہ پانچ سال میں انجام دئے گئے کاموں کی کارکردگی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کریں۔