بی جے پی کا گورنر سے تشدد زدہ دیہاتوں کے دورہ کا مطالبہ

کولکتہ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ریاست میں حالیہ تشدد کے واقعات کے بعدبی جے پی نے آج مغربی بنگال کے گورنر کے این ترپاٹھی سے مطالبہ کیا کہ وہ بیر بھوم ضلع کے تشدد زدہ دیہاتوں کا دورہ کریں گے جہاں بی جے پی کے الزام کے بموجب مقامی افراد پر پولیس مظالم جاری ہیں۔ بی جے پی کے ایک وفد کو اس علاقہ میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی اس لئے گورنر سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ ریاست کے دستوری سربراہ کی حیثیت سے تشدد زدہ دیہاتوں کا دورہ کریں اور دیہاتیوں کو پولیس کے مظالم سے بچائیں ۔ گورنر نے صدر ریاستی بی جے پی کو تیقن دیا ہے کہ وہ ضروری کارروائی کریں گے ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر راہول سنہا نے راج بھون میں گورنر ترپاٹھی سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں اس کا انکشاف کیا ۔ بی جے پی کے نائب صدر مختار عباس نقوی کے ساتھ بی جے پی قائدین نے تشدد سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیہات مکرا میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس کی وجہ سے انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ترنمول کانگریس اور بی جے پی کارکنوں کی جھڑپ میں تین افراد ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوگئے تھے۔