بی جے پی کا صفایا ہونے پر ہندوستان کا بھلا ہوگا : ممتابنرجی

بلرام پور (مغربی بنگال) ۔ 28نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج دعویٰ کیا کہ ملک میں تمام اہم دفاتر کو زعفرانی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راج بھون سے دفتر وزیراعظم تک یہی صورتحال ہے۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے ’’بی جے پی بھارت چھوڑو‘‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ زعفرانی پارٹی کا صفایا ہوجائے تو ملک کا بھلا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ریالی سے خطاب میں کہا کہ تمام اہم دفاتر کو زعفرانی پارٹی نے اپنے رنگ میں رنگ لیا ہے۔ انہوں نے بیان کیا کہ ٹی ایم سی آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اہم رول ادا کرے گی اور کہا کہ کئی اپوزیشن پارٹیوں نے جنوری میں ان کی پارٹی کی جانب سے طئے شدہ ریالی میں شرکت کی تصدیق کردی ہے۔ ممتابنرجی نے بتایا کہ متعدد قائدین جیسے چندرا بابو نائیڈو، ہاردک پٹیل، تیجسوی یادو، اکھیلیش یادو، ایم کے اسٹالن ، فاروق عبداللہ اور اروند کجریوال جنوری میں کولکتہ کی گریڈ پریڈ گراؤنڈ ریالی میں اپنی شرکت کی تصدیق کرچکے ہیں۔ چیف منسٹر نے پڑوسی ریاستوں میں امیدوار کھڑے کرتے ہوئے زعفرانی پارٹی کے ساتھ اپنی لڑائی میں شدت پیدا کرنے کا عزم بھی کیا۔ ٹی ایم سی نے بی جے پی حکمرانی والی ریاستوں آسام اور جھارکھنڈ میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا آسام میں بعض گوشوں کی جانب سے مخالف بنگالی تحریکات دیکھنے میں آرہی ہیں۔