بی جے پی کا بی ایس آر کانگریس کیساتھ انضمام سے انکار

نئی دہلی۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی سینئر قائد سشماسوراج نے بی جے پی کے بی ایس آر کانگریس کے ساتھ انضمام کی کھل کر مخالفت کی تھی جس کے بعد پارٹی نے انضمام کا ارادہ ترک کردیا جبکہ بیلاری لوک سبھا نشست کیلئے پارٹی لیڈر بی سراملو کی نامزدگی کو منظور کرلیا گیا۔ بی جے پی کے پارلیمانی بورڈ نے اس سلسلہ میں تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کے بعد بی ایس آر کانگریس کے ساتھ انضمام کی تائید نہیں کی۔ ذرائع نے بتایا کہ سری راملو ریڈی برادران کے قریبی رفیق تصور کئے جاتے ہیں لیکن ریڈی برادران کی گرفتاری کے بعد انہوں نے بی جے پی سے دوری اختیار کرلی تھی

جبکہ بی جے پی نے سری راملو کو بیلاری حلقہ سے انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بی جے پی کی کرناٹک یونٹ کے صدر پرہلاد جوشی نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ نے بیلاری حلقہ سے سری راملو کو انتخابات لڑنے کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ دوسری طرف سری راملو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بی جے پی کی جانب سے انتخابات لڑنے کی ہدایت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس آر کانگریس بی جے پی سے انضمام کرنے تیار ہے لیکن سشماسوراج نے گذشتہ ہفتہ عوامی سطح پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بی جے پی کو سری راملو اور ریڈی برادران کو اپنی صفوں میں شامل نہیں کرنا چاہئے۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے پارٹی صدر راجناتھ سنگھ کو بھی مکتوب تحریر کرتے ہوئے انتباہ دیا تھا کہ ایسے داغدار قائدین کو بی جے پی میں شامل کرنے سے اجتناب کرنا چاہئے۔

جے ڈی (یو) سے خاتون امیدوار انتخابی میدان میں
پڈوچری۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنتادل (یو) نے پڈوچری سے 24 اپریل کو منعقد شدنی لوک سبھا انتخابات کیلئے ایک خاتون ایس چترکلا کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ جے ڈی (یو) کے ایک بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ ٹکٹ کیلئے حالانکہ پارٹی ہائی کمان کو تین درخواستیں وصول ہوئی تھیں لیکن پارٹی نے بالآخر ایک خاتون کے حق میں فیصلہ کرتے ہوئے انہیں ٹکٹ دیا۔