بی جے پی پھر ایک مرتبہ ملک کو فرقہ وارانہ رنگ دینے میں مصروف

مرکزی حکومت تمام محاذوں میں ناکام، حکومت تلنگانہ وعدوں پر عمل سے قاصر : ڈاکٹر کے نارائنا
حیدرآباد۔30جولائی(سیاست نیوز) تین طلاق کے مسئلہ کے متعلق خود کو سنجیدہ بتانے والے وزیراعظم نریند رمودی کی زیرقیادت بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے کہاکہ قانونی طور پر بیوی سے علیحدگی کے لئے طلاق کا سہارا لیا جاتا ہے اور عام طور اس کے بعد علیحدہ ہونے والی بیوی کو معاوضہ بھی اداکئے جاتے ہیںمگربناء قانونی طور پر بیوی سے علیحدگی اختیار کئے اس سے دور رہنا قانون کی سب سے بڑی خلاف ورزی ہے جو ہمارے وزیراعظم نریندرمودی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ پہلے اپنے گھر میںانصاف کریں اور اس کے بعد ملک کی عوام کے ساتھ انصاف کے دعوے کریں۔ وہ آج یہاں سی پی آئی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںمیڈیاسے مخاطب تھے۔ انہو ںنے کہاکہ پچھلے چارسالوں میں نریندر مودی کی بی جے پی حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے۔ انتخابات سے قبل جو وعدے عوام سے کئے تھے ان کو پورا نہیںکیاگیا۔ بے روزگاری‘ مہنگائی ملک میںتیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے اور اپنی ناکامیو ں کوچھپانے کے لئے بی جے پی حکومت پھر ایک مرتبہ ملک کو فرقہ وارانہ رنگ دینے میںمصروف ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے مزیدکہاکہ گائے بی جے پی کا سیاسی موضوع ہے جبکہ جے پی کے پاس گائے کی کوئی مذہبی اہمیت نہیں ہے ‘ کیونکہ بی جے پی جس ریاست( گجرات) میںپچھلے پچیس سالوں سے برسراقتدار ہے وہ بیف درآمد کرنے والی ملک کی ریاستوں میںسرفہرست ہے۔ وزیراعظم نے اب تک بیرونی ممالک میںدوسو گائے بطور تحفہ پیش کئے ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ سرمایہ داروں کی چاپلوسی مرکزی حکومت کے ذمہ داران کا وطیرہ بن گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وجئے مالیا‘ میہول چوکسی ‘ نیرو مودی جیسے سرمایہ دار ملک کی دولت لے کر فرار ہوگئے اور چوکیداری کا دعوی کرنے والے وزیراعظم سرمایہ داروں کا لاکھوں کروڑ کا قرض معاف کرنے میںمصروف ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کے دوران وزیراعظم کے ردعمل کو ڈھونگ قراریتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہاکہ جن مسائل پر وزیراعظم سے ایوان میںسوال پوچھا گیاتھا اس پر جواب دینے کے بجائے وزیراعظم نریندر مودی سابق کی حکومتوں کو ذمہ دار ٹہرانے اور جوابی وار کرتے ہوئے دیکھائی دئے ۔ نارائنا نے کہاکہ اپنی گرتی سیاسی ساکھ کو بچانے کے لئے گائے اور مندر کا سہارا لینے والی مرکز کی بی جے پی حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہونے کے بعد اب مند ر او رگائے کے سہارے دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے تاہم ملک کی عوام اب بی جے پی کے اصلیت سے واقف ہوچکی ہے۔ڈاکٹر نارائنا نے تلنگانہ حکومت کو بھی اپنی شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومت نے بھی اپنے انتخابی وعدوں کو پورا نہیںکیا۔ انہوں نے کہاکہ منشیات کے کیس اور نعیم معاملے میںایس آئی ٹی کا نفاذ عمل میںلایاگیا تھا لیکن آج تک اسکی تفصیلات پیش نہیںکی گئی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے نعیم کے مرنے کے بعد بھی اس سے خوفزدہ دیکھائی دے رہے ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ شفاف حکمرانی جمہوریت کی اصلی پہچان ہے مگر مرکز ی او رریاستی حکومت کے طرز حکمرانی سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ جمہوریت پر انہیںیقین ہی نہیںہے۔ سی پی آئی اسٹیٹ سکریٹری پالا وینکٹ ریڈی اور سی پی آئی سٹی سکریٹری ای ٹی نرسمہا بھی اس موقع پر موجود تھے۔