بی جے پی میں واپسی کے ارادہ کا یدی یورپا کا اعلان

شموگا(کرناٹک) 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) کئی مہینوں کی قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے چیف منسٹر کرناٹک بی ایس یدی یورپا نے آج کہا کہ وہ بی جے پی میں واپس آئیں گے جس سے انہوں نے ایک سال سے زیادہ عرصہ قبل خود اپنی پارٹی قائم کرنے کیلئے ترک تعلق کیا تھا ۔یدی یورپا نے کہا کہ وہ نئے سال کے پہلے ہفتہ میں خوشخبری دیں گے ۔ وہ جانتے ہیں کہ انہوں نے جس پارٹی کی تعمیر کی تھی ان کی غیر حاضری کی وجہ سے اسے نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف اپنی مادر پارٹی میں واپس جائیں گے بلکہ پوری ریاست کرناٹک کا دورہ کریں گے

تا کہ وزیر اعظم بنانے کیلئے نریندر مودی کے ہاتھ مضبوط کرسکیں ۔ یدی یورپا کی گھر واپسی کی باتیں حالیہ ہفتوں میں تازہ ترین تبصرہ ہیں جبکہ ریاستی قائدین نے انہیں واپس لانے کی اپنی کوششوں میں شدت پیدا کردی ہے اور بی جے پی کے سابق مرد آہن بھی اس بارے میں کافی اشارے دے چکے ہیں ۔ یدی یورپا کا بیان اپنے حلقہ انتخاب ضلع شموگا میں شکاری پورہ کے علاقہ میں اپنے قیام گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران منظر عام پر آیا جبکہ انہوں نے ایک دن قبل کہا تھا کہ کرناٹک جنتا پکشا پارٹی کے کارکنوں کا ایک اجلاس یہاں منعقد کیا جائے گا اور امکان ہے کہ یہ کے جے پی کا آخری اجلاس ہوگا ۔

انہوں نے صدر بی جے پی راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی ہے اور ریاستی قائدین سے ان کی واپسی کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آر ایس ایس پریوار میں نشونما پاچکے ہیں اور پارٹی کی تائید اور دعاؤں سے ہی چیف منسٹر بن چکے ہیں ۔ ان کی پارٹی میں واپسی غیر مشروط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 8 مئی کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی اور کے جے پی کے علحدہ علحدہ مقابلہ کرنے سے کانگریس کو فائدہ پہنچا ۔ اسے 10 فیصد زیادہ ووٹ اور 6 زیادہ نشستیں حاصل ہوگئیں ۔