بی جے پی میری جان کے پیچھے پڑی ہے ، اندرا گاندھی کی طرح میرا بھی قتل ہوگا: اروند کجریوال

نئی دہلی۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر عام آدمی پارٹی اور دہلی چیف منسٹر اروند کجریوال نے کہا کہ بی جے پی میری جان کے پیچھے پڑی ہے اور جس طرح شخصی سکیورٹی گارڈز نے اندرا گاندھی کی جان لی تھی، اسی طرح میری بھی جان جائے گی۔ کجریوال نے پنجاب میں ایک نیوز چیانل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ شخصی سکیورٹی آفیسرس بی جے پی کو رپورٹ کرتے ہیں اور ایک دن میرا پرسنل سکیورٹی آفیسر (PSO) خود مجھے قتل کردے گا کیونکہ بی جے پی میری جان کے پیچھے پڑی ہے۔ کجریوال پنجاب میں اپنی پارٹی کی انتخابی مہم پر ہیں جہاں ان کی پارٹی کے تمام امیدوار انتخابات لڑ رہے ہیں، اس سے قبل دہلی کے موتی نگر علاقہ میں ایک روڈ شو کے دوران ایک شخص نے انہیں تھپڑ رسید کیا تھا جس پر پولیس نے بیان دیا تھا کہ وہ شخص دراصل عام آدمی پارٹی کا ہی ایک ناراض ورکر ہے لیکن آپ کا دعویٰ ہے کہ اس کے درپردہ بی جے پی کا ہی ہاتھ تھا۔