بی جے پی دفعہ 370 حذف کریگی : امیت شاہ

شملہ 12 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی صدر امیت شاہ نے آج کہا کہ اگر نریندر مودی ملک کے دوبارہ وزیر اعظم بن جاتے ہیں تو جموںو کشمیر کو خصوصی اختیارات دینے والے دفعہ 370 کو حذف کردیا جائیگا ۔چمبا ضلع میں چوغان میدان پر پہلی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ سابق چیف منسٹر جموںو کشمیر عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ جموںو کشمیر کیلئے علیحدہ وزیر اعظم ہونا چاہئے جبکہ کانگریس اپنے منشور میں کہتی ہے کہ وہ مسلح افواج کو خصوصی اختیارات دینے والے قانون پر نظرثانی کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب باتیں ان جماعتوں کی ذہنیت کو ظاہر کرتی ہیں لیکن اگر بی جے پی دوبارہ اقتدار میں آتی ہے اور نریندر مودی وزیر اعظم بن جاتے ہیں تو پھر جموں و کشمیر کو خصوصی اختیارات دینے والے دفعہ 370 کو یقینی طور پر حذف کردیا جائیگا ۔
وہ یہاں کانگڑا سے بی جے پی امیدوار کشن کپور کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ قومی سلامتی کے مسئلہ پر کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منموہن سنگھ حکومت نے اس وقت کچھ نہیں کیا جب پاکستان نے پانچ ہندوستانی سپاہیوں کے سر قلم کردئے تھے لیکن مودی حکومت نے پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا اور بالا کوٹ میں گھس کر ائر اسٹرائیک کی گئی ہے ۔