بی جے پی حکومت نے یوپی کی امیج بدل دی

لاء اینڈ آرڈر سارے ملک کیلئے مثالی ، چیف منسٹر آدتیہ ناتھ کا بیان
لکھنو ۔19 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اُترپردیش آدتیہ ناتھ نے زور دیکر کہا کہ ان کی حکومت نے اُترپردیش کے امیج کو ہی بدل کے رکھ دیا ہے ۔ ریاست کا لاء اینڈ آرڈر آج ملک بھر کے لئے مثالی بن گیا ہے ۔ ان کی حکومت کی نگرانی میں ریاست کے اندر ایک بھی فساد نہیں ہوا ۔ اپنی حکومت کے دو سال کی تکمیل پر ایک رپورٹ کارڈ پیش کرتے ہوئے آدتیہ ناتھ یوگی نے کہاکہ جب انھوں نے مارچ 2017 ء میں عہدہ سنبھالا تھا ، قرض میں مبتلا کسان خودکشی کررہے تھے ۔ اُترپردیش قتل و غارت گری ، لوٹ مار ، فسادات کا مرکز بن گئی تھی ۔ مافیا نے ریاست کے وسائل کو لوٹنا شروع کیا تھا ، سیاسی سرپرستی میں خاص کر سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی حکومتوں کے دوران ریاست کے اندر اندھا دھند لوٹ مار مچی ہوئی تھی ۔ اس ریاست میں برسوں سے اسکام ہورہے تھے لیکن میں نے تمام چیزوں کو ختم کردیا ہے ۔ آدتیہ ناتھ نے مزید کہاکہ میری حکومت کی کڑی نگرانی میں یوپی ریاست ایک پرامن اور فضاء ماحول والی ریاست بن گئی ہے ۔ ملک کے لئے یہ ایک بہترین نظیر ہے ۔ سابق حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 2012 ء میں 227 بڑے فسادات ہوئے تھے ۔