بی جے پی تمام طبقات کی ترقی کیلئے پابند عہد

اقلیتی مورچہ کی تہنیتی تقریب سے مرکزی وزیر لیبر دتاتریہ کا خطاب
حیدرآباد 30 نومبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر لیبر و روزگار بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی بہتر حکمرانی اور ترقی کا تہیہ کرچکے ہیں۔ بی جے پی تلنگانہ ریاستی اقلیتی مورچہ کی جانب سے منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دتاتریہ نے کہا کہ عوام کانگریس کی مخالف عوام پالیسیوں سے عاجز آچکے تھے۔ چنانچہ انہوں نے حالیہ انتخابات میں کانگریس کو اقتدار سے بے دخل کرتے ہوئے بی جے پی کو یہ ذمہ داری دی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی بلا لحاظ مذہبی وابستگی ملک کی ترقی کیلئے کام کرے گی۔ انہوں نے مسلم نوجوانوں میں صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے پروگرام شروع کرنے کا تیقن دیا تا کہ انہیں روزگار کے مواقع فراہم ہوسکے ۔ دتاتریہ نے مسلمانوں کو مقامی سیاسی جماعت سے بھی خبردار کیا جس نے ہمیشہ موقع پرستانہ سیاست کھیلی اور مسلمانوں کی بہبود کیلئے کوئی کام نہیں کیا ۔ بی جے پی ریاستی اقلیتی مورچہ نے دتاتریہ کے مرکزی وزیر بننے پر انہیں تہنیت پیش کی ۔ مختلف اضلاع سے مسلمانوں کی کثیر تعداد نے اس تقریب میںحصہ لیا ۔ صدر ریاستی اقلیتی مورچہ بی جے پی حنیف علی نے صدارت کی ۔ صدر ریاستی بی جے پی تلنگانہ جی کشن ریڈی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسلم نوجوانوں سے خواہش کی کہ وہ اقلیتوں کو بی جے پی کی رکنیت سازی میں شامل کریں۔ قبل ازیں دتاتریہ نے وزیراعظم کے جن دھن پروگرام سے متعلق پمفلٹ جاری کیا ۔