بی جے پی بھی الیکشن کمیشن سے رجوع بہار کے عظیم اتحاد پر رائے دہندوں کی صف بندی کا الزام

چور مچائے شور

نئی دہلی۔30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج الیکشن کمیشن سے عظیم اتحاد کی شکایت کی کہ اس کے قائدین بہار میں رائے دہندوں کی فرقہ وارانہ خطوط پر صف بندی کی کوشش کررہے ہیں اور مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کو ان کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے۔ مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کی زیر قیادت بی جے پی کے ایک وفد نے آج الیکشن کمیشن کو ایک یادداشت پیش کی جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کانگریس، جے ڈی(یو) اور آر جے ڈی بہار کے رائے دہندوں کو فرقہ وارانہ خطوط پر اپنے مفادات کی خاطر تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ یادداشت میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی، چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد کے نام شامل ہیں۔ ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے ایسے بیانات دیئے جن کا مقصد رائے دہندوں کی فرقہ وارانہ خطوط پر صف بندی ہے۔ بی جے پی نے لالو پرساد پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور صدر بی جے پی امیت شاہ کے خلاف غیر معیاری زبان استعمال کی ہے۔ مودی کو ’’ویمپائر ‘‘ اور امیت شاہ کو ’’عادم خور‘‘ قرار دیا ہے۔