بی جے پی اپنا نظریہ کھوچکی ہے : جسونت سنگھ

نئی دہلی ۔ /30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ڈسپلن شکنی کے الزامات پر بی جے پی سے خارج کردینے کے ایک دن بعد جسونت سنگھ نے آج پارٹی پر تنقید کی اور کہا کہ یہ پارٹی اپنے نظریات کھوچکی ہے ۔ عارضی سیاسی فوائد کے حرص میں بے سمت دوڑ رہی ہے ۔ 1980 ء میں پارٹی کی بنیاد رکھنے والوں میں شامل جسونت سنگھ نے کہا کہ بی جے پی اب زیادہ دن قائم نہیں رہے گی ۔ پارٹی کے بانیوں اٹل بہاری واجپائی ‘ اڈوانی اور بھیرو سنگھ شیخاوت پارٹی سے دور ہوگئے ہیں ۔ یہ پارٹی کے اقدار پر مبنی سیاست اور خودغرضی کی سیاست کے درمیان پھنس گئی ہے ۔

جسونت کا اخراج مودی کی تباہی کا آغاز: کانگریس
نئی دہلی۔30؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ جسونت سنگھ کے بی جے پی سے اخراج کے ایک دن بعد کانگریس نے آج کہا کہ یہ اقدام نریندر مودی کی آمریت کی تباہی کی علامت ہے۔ جسونت سنگھ کا مسئلہ صرف مودی کی تباہی ثابت نہیں ہوگا بلکہ اس کے اثرات بی جے پی پر مرتب ہوں گے اور اس کے منتشر ہونے میں بھی زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ پارٹی کے ترجمان ابھیشیک سنگھوی نے جسونت سنگھ کے اخراج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 70 سالہ جسونت سنگھ آزاد امیدوار کی حیثیت سے بارمیر کے حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار کا مقابلہ کررہے ہیں۔ ان کا یہ فیصلہ مودی کی تباہی کا آغاز ثابت ہوگا۔