بی ایس پی کرناٹک کی تمام 28نشستوں پر مقابلہ کرے گی

میسورو13مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کی سابق وزیراعلی مایاوتی کی زیر قیادت بہوجن سماج پارٹی 18اور 23اپریل کو دو مرحلوں میں ہونے والے سترہویں لوک سبھا انتخابات میں کرناٹک کی تمام 28نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔ سابق وزیر و رکن اسمبلی این مہیش نے یہ بات بتائی انہو ں نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ مرتبہ جے ڈی ایس سے اتحاد کرتے ہوئے انہوں نے غلطی کی تھی اور اب اس غلطی کو محسوس کرلیا گیا ہے ۔ اس مرتبہ پارٹی تنہا مقابلہ کرے گی۔ تمام 28نشستوں پر یہ مقابلہ کیا جائے گا کیوں کہ ریاست کے بیشتر حصوں میں پارٹی کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد ہے ۔ میسورو چامراج نگر ’ چکبل پور ’ بیدر ’ کلبرگی ’ چکوری اور باگل کوٹ جیسے علاقوں میں پارٹی کے 8تا 10لاکھ ماننے والے ہیں ۔ انہو ں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ سخت محنت کریں اور یہ دیکھیں کہ پارٹی کم از کم دو نشستوں پر کامیابی حاصل کرے کیو ں کہ کانگریس اور بی جے پی جیسی قومی جماعتوں کے درمیان مقابلہ ہے ۔ پارٹی سربراہ مایاوتی ریاست میں بشمول میسورو میں جلسوں سے خطاب کریں گی۔ مہیش نے پیش قیاسی کی ہے کہ سماج وادی پارٹی اور بی ایس پی اترپردیش میں شاندار کامیابی حاصل کریں گے اور بی ایس پی مرکز میں حکومت کی تشکیل میں اہم رول ادا کرے گی۔