بیگم پیٹ ٹاسک فورس بم دھماکہ ملزمین کی برأت کیخلاف اپیل قبول

حیدرآباد ۔ /31 اکٹوبر ۔ (سیاست نیوز) بیگم پیٹ ٹاسک فورس بم دھماکے کیس میں تمام ملزمین کی برأت کے خلاف تلنگانہ پولیس کی جانب سے داخل کی گئی اپیل کو سماعت کیلئے حیدرآباد ہائیکورٹ نے قبول کرلیا ۔ جاریہ سال /10 اگست کو نامپلی کریمنل کورٹ کے ساتویں ایڈیشنل میٹروپولیٹین سیشن جج نے /12 اکٹوبر 2005 ء کو بیگم پیٹ ٹاسک فورس آفس میں پیش آئے خودکش بم دھماکے کیس کے 10 ملزمین محمد عبدالکلیم عرف ارشد خان ، محمد عبدالزاہد ، محمد عبدالشکیل ، سید حاجی ، اجمیر علی خان ، سید عظمت علی ، محمد محمود بارود والا ، شیخ عبدالخواجہ ، نفیق البسواس اور ہلال الدین کے خلاف اس کیس میں شواہد کی عدم موجودگی کے نتیجہ میں باعزت بری کردیا ۔ جج نے اپنے فیصلے میں یہ بتایا کہ استغاثہ ملزمین کے خلاف عائد کئے گئے مجرمانہ سازش اور دھماکو اشیاء کی ضبطی کو ثابت کرنے میں ناکام رہی ۔ جبکہ اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے چارج شیٹ میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ بنگلہ دیش کے باشندے دالین عرف معتصم بلال جس کا تعلق وہاں کی ایک دہشت گرد تنظیم سے تھا نے ٹاسک فورس آفس میں خودکش دھماکہ کیا تھا جس کے نتیجہ میں ایک ہوم گارڈ برسرموقعہ ہلاک ہوگیا ۔ ایس آئی ٹی نے ملزمین کو سخت سزاء دینے کیلئے عدالت میں پیروی کی تھی لیکن جج نے کیس میں گرفتار افراد کو بری کردیا جس کے بعد تلنگانہ پولیس نے سیشن کورٹ کے فیصلہ کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک اپیل داخل کی تھی جو سماعت کیلئے قبول کرلی گئی ہے ۔

 

رکن اسمبلی راجندر نگر کیخلاف مقدمہ
حیدرآباد31 اکٹوبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن اسمبلی راجندر نگر ٹی پرکاش گوڑ کے خلاف قبضے اور دھمکی آمیز رویہ اختیار کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ انسپکٹر مائیلاردیو پلی پولیس جگدیشور نے بتایا کہ پرکاش گوڑ نے مقامی چند افراد کے ساتھ مل کر دیوارمنہدم کردی۔ مقامی شخص موہن ریڈی کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔